صبح 5:40 بجے گہن کا آغاز، یہودی سال نو سے قبل فلکیاتی عمل
حیدرآباد ۔ 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک ایسے وقت جب ساری دنیا غیرمعمولی تشہیر شدہ خونی چاند دیکھنے کی بے چینی سے منتظر ہے۔ 28 ستمبر کو یہ چاند گہن ہوگا لیکن ہندوستان کے کسی بھی علاقہ میں نظر نہیں آئے گا کیونکہ ہندوستان میں طلوع آفتاب سے کچھ دیر قبل یعنی صبح 5 بجکر 40 منٹ پر اس چاند گہن کا آغاز ہوگا۔ بی ایم برلا سائنس سنٹر کے ڈائرکٹر بی جی سدھارتھ نے کہا ہیکہ 28 ستمبر کو ہندوستانی افق پر چاند معمول سے بڑا اور زائد چمکدار نظر آئے گا جس کی وجہ یہ ہیکہ چاند اپنی گردش کے دوران وہ کرہ ارض سے زیادہ قریب پہنچ جائے گا۔ حیدرآباد کے افق پر بڑا اور چمکدار چاند نظر آئے گا جس کو سوپر مون بھی کہا جاتا ہے۔ ایسا ’’سوپر مون‘‘ 1982 کو دیکھا گیا تھا اور ستمبر 2015ء کے بعد 2033 میں آئندہ سوپر مون دیکھا جائے گا۔ سدھارتھ نے کہا کہ یہ سوپرمون معمول سے 14 فیصد بڑا اور 30 فیصد زائد چمکدار نظر آئے گا۔ یہ چاند گہن، یہودیوں کی مذہبی تعطیلات ’سکوت‘ کے بعد سال نو ’’روش حشنے‘‘ کے درمیان ہورہا ہے۔ کرہ ارض کے قریب ہونے کے سبب یہ چاند کسی حد تک سرخ نظر آتا ہے اس لئے یہ ’’خونی چاند‘‘ کہلایا جائے گا جس کو یہودی اور عیسائی مذاہب میں اہمیت حاصل ہے جبکہ اسلام میں چاند گہن یا سورج گہن کے موقع پر نماز کسوف ادا کی جاتی ہے۔