کل نوجوانوں و طلبا تنظیموں کا اجلاس

تلنگانہ جے اے سی کا فیصلہ ‘ کئی قائدین ‘ پی رویندر کی برخواستگی کے خواہاں
حیدرآباد 25 فبروری ( این ایس ایس ) تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قائدین نے آج باغی لیڈر و جے اے سی کے شریک کنوینر پی رویندر پر تنقید کی ہے ۔ آج جے اے سی کے نامپلی دفتر میں منعقدہ اجلاس میں ان پر تنقیدیں کی گئیں۔ کئی قائدین نے صدر نشین پروفیسر ایم کودنڈا رام سے خواہش کی کہ پی رویندر کو فوری طور پر جے اے سی سے برخواست کردیا جائے ۔ اس مطالبہ پر رد عمل کا اظہارکرتے ہوئے کودنڈا رام نے کہاکہ وہ اس فیصلے کو رویندر پر خود چھوڑتے ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے روابط کی ذمہ داری وینکٹ ریڈی اور بی رمیش کو سونپ دی ہے ۔ اس اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نوجوانوں اور طلبا تنظیموں کا ایک اجلاس بیروزگاری کے مسئلہ پر 27 فبروری کو منعقد کیا جائیگا ۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سدھیر کمیشن کی سفارشات پر اضلاع میں بھی اجلاس منعقد کئے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایک کانفرنس یکم مارچ کو محبوب نگر میں منعقد کی جائیگی ۔ 4 مارچ کو ایک کانفرنس نظام آباد میں ہوگی اور 11 مارچ کو ایک کانفرنس ورنگل میں منعقد کی جائیگی ۔ اس کے علاوہ تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی اسٹیرنگ کمیٹی کا ایک اجلاس 12 مارچ کو منعقد کیا جائیگا جس میں صورتحال پر غور کیا جائے گا ۔