نئی دہلی ۔ 10 نومبر ۔ (سیاست ڈاٹ کام) ملک بھر میں چہارشنبہ کو بینکوں میں معمول کی سرگرمیاں متاثر رہیں گی کیونکہ بینک ملازمین نے تنخواہوں پر نظرثانی کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک روزہ ملک گیر ہڑتال کا فیصلہ کیا ہے۔ انڈین بینکس اسوسی ایشن نے آج مذاکرات کے دوران 11 فیصد اضافہ کے موقف پر قائم رہنے کا فیصلہ کیا جبکہ یونین 23 فیصد پر ڈٹی ہوئی ہے ، اس طرح مصالحتی کوشش ناکام ثابت ہوئی ۔ یونین نے 12 نومبر کو ہڑتال کا فیصلہ کیا ہے ۔ جنرل سکریٹری نیشنل آرگنائزیشن آف بینک ورکرس اشوینی نے کہا کہ ہم ابتداء سے 25 فیصد اضافہ کا مطالبہ کررہے ہیں اور اب 23 فیصد پر تیار ہیں لیکن انتظامیہ نے 11 فیصد اضافہ کی پیشکش کی ہے جو ناقابل قبول ہے۔