کل جماعتی وفد کے ارکان کشمیری عوام سے ملاقاتیں کرینگے

سری نگر 4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر اور سینئر کانگریسی قائد غلام نبی آزاد نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے قائدین وادی کشمیر کے زمینی حقائق جاننے کیلئے عام کشمیریوں سے ملاقات کریں گے ۔ اتوار کو وادی کے دو روزہ دورے پر آنے والے کل جماعتی وفد میں شامل مسٹر آزاد نے یہاں شہرہ آفاق ڈل جھیل کے کنارے شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن کمپلیکس (ایس کے آئی سی سی) کے باہر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا ‘مختلف وفود، سیاسی جماعتوں کے لیڈران اور دیگر افسران کے ساتھ ملاقات کے علاوہ اپوزیشن لیڈروں نے عام کشمیریوں سے ملنے کا فیصلہ کرلیا ہے ‘۔ انہوں نے کہا ‘ہم وادی کشمیر کی زمینی صورتحال کو جاننے کیلئے عوام سے ملاقات کریں گے ۔ مجلس رکن پارلیمنٹ اسد اویسی نے کہا کہ وہ ہر ایک سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ وہ نہیں جانتے ہیں کہ کس کس کو ملاقات کے لئے مدعو کیا گیا ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کی قیادت میں30 رکنی کل جماعتی وفد اتوار کو یہاں پہنچا۔ یہ وفد وادی میں گذشتہ 57 روز سے جاری کشیدگی کو ختم کرنے کیلئے مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بالخصوص مختلف تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کریگا ۔ اس وفد میں 20 سے زائد سیاسی جماعتوں کے 30 اراکین اور بعض سینئر سرکاری افسران بھی شامل ہیں۔نوڈل ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق کل جماعتی وفدایس کے آئی سی سی میں صبح گیارہ بجے سے سہ پہر ساڑھے چار بجے تک اور 5 ستمبر کو صبح نو بجے سے صبح ساڑھے گیارہ بجے تک مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور افراد سے ملاقات کرے گا۔ وفد کل جموں جاکر وہاں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور دیگر تنظیموں کے اراکین کے ساتھ ملاقات کرے گا۔