کل جماعتی وفد کی الیکٹورل آفیسر رجت کمار سے ملاقات

مجالس مقامی کے کونسل کی نشستوں کے اعلامیہ کو ملتوی کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مئی (سیاست نیوز) کانگریس زیر قیادت اپوزیشن جماعتوں نے چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار سے ملاقات کرتے ہوئے مجالس مقامی کی کونسل کی نشستوں کیلئے اعلامیہ کی اجرائی پر اعتراض جتایا ۔ صدرپردیش اتم کمار ریڈی کی زیر قیادت وفد نے رجت کمار سے ملاقات کی ۔ اس وفد میں کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ جے کسم کمار ، سی پی آئی کے سابق رکن راجیہ سبھا ، سید عزیز پاشاہ ، ڈاکٹر ڈی سدھاکر (سی پی آئی) ، تلنگانہ جنا سمیتی کے پروفیسر پی ایل راؤ ، کانگریس کے قائد جی نرنجن اور دوسرے موجود تھے ۔ رجت کمار کو پیش کردہ یاددشت میں کانگریس ، تلگو دیشم ، سی پی آئی اور تلنگانہ جنا سمیتی کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ مجالس مقامی کی کونسل کی نشستوں کیلئے انتخابی اعلامیہ کو دو ہفتوں کی توسیع دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ نو منتخب زیڈ پی ٹی سی اور ایم پی ٹی سی کی فہرست رائے دہندگان تیار کرنے کے بعد انتخابات منعقد کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی کے نو منتخب ایم ٹی پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی ارکان کونسل کے لئے رائے دہندہ ہوتے ہیں۔ مجالس مقامی کے انتخابات ابھی جاری ہیں۔ 6 مئی کو پہلا مرحلہ مکمل ہوا اور اسی دن کونسل کی نشستوں کے لئے انتخابی اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ 14 مئی کو مجالس مقامی کے انتخابات مکمل ہوں گے ۔ 23 مئی کو لوک سبھا کے نتائج کے پیش نظر مجالس مقامی کی رائے شماری 27 مئی کو مقرر کی گئی ہے ۔ الیکشن کمیشن نے مجالس مقامی کے ارکان کونسل کے لئے 31 مئی کو رائے دہی مقرر کی ہے۔ قائدین نے حیرت کا اظہار کیا کہ الیکشن کمیشن نے نئے منتخب عوامی نمائندوں کے بجائے سابقہ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی ارکان کو رائے دہندوں کے طور پر شامل کیا ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر کی ویب سائیٹ پر تاحال فہرست رائے دہندگان جاری نہیں کی گئی۔ قائدین نے کہا کہ چیف منسٹر کو مجالس مقامی میں ا کثریت حاصل ہونے کا یقین نہیں ہے ، لہذا وہ غیر قانونی طور پر سابقہ فہرست کے ذریعہ انتخابات کرانے کیلئے الیکشن کمیشن پر دباؤ بنارہے ہیں۔ کل جماعتی قائدین نے نو منتخب نمائندوں کے ذریعہ کونسل کی نشستوں کا چناؤ کرانے کا مطالبہ کیا۔