کل جماعتی ارکان علیحدگی پسندوں سے ملاقات کرسکتے ہیں

راج ناتھ سنگھ ملاقات سے گریز کرینگے ۔ دو روزہ دورہ میں ایک دن توسیع بھی ممکن
نئی دہلی 29 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) جموں و کشمیر کا 4ستمبر کو دورہ کرنے والے کل جماعتی وفد کے ارکان وادی میں علیحدگی پسند قائدین سے ملاقاتیں کرنے کیلئے آزاد ہیں لیکن وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ صرف ان افراد سے بات کرینگے جو انسانیت ‘ جمہوریت اور سکیولرازم میں یقین رکھتے ہیں۔ راج ناتھ سنگھ اس کل جماعتی وفد کی قیادت کرنے والے ہیں۔ اپنے دو روزہ دورہ کے موقع پر یہ وفد سماج کے مختلف طبقات ‘ افراد اور گروپس سے ملاقات کریگا جس کا مقصد وادی میں امن قائم کرنا ہے ۔ وادی میں 51 دن سے مسلسل بدامنی کا سلسلہ جاری ہے ۔ وفد کے ارکان کسی سے بھی ملاقات کرسکتے ہیں۔ وہ چاہیں تو علیحدگی پسندوں سے بھی بات چیت کرسکتے ہیں۔ اس سلسلہ میں ہونے والی بات چیت سے واقف عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ تاہم وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ صرف ان افراد سے ملاقات کرینگے جو تمام مسائل کو دستور ہند کے دائرہ میں حل کرنے کے خواہش مند ہیں۔ 2010 میں جب اسی طرح کی صورتحال پیدا ہوئی تھی اور اسی طرح کے وفد نے کشمیر وادی کا دورہ کیا تھا ٹیم کے ارکان بشمول لوک جن شکتی پارٹی لیڈر رام ولاس پاسوان نے حریت قائدین جیسے میر واعظ عمر فاروق سے ملاقات کی تھی ۔ اس وفد کے کشمیر میں قیام کو ایک دن توسیع بھی دی جاسکتی ہے اگر وفد کے ارکان جموں کا دورہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں تاکہ جموں علاقہ کے عوام کی رائے معلوم کی جاسکے ۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کل بی جے پی صدر امیت شاہ ‘ وزیر فینانس ارون جیٹلی اور دفتر وزیر اعظم کے منسٹر آف اسٹیٹ جتیندر سنگھ کے ساتھ ایک گھنٹہ طویل اجلاس منعقد کرتے ہوئے ان کے ساتھ اس وفد کی ہئیت کے تعلق سے تبادلہ خیال کیا تھا ۔ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں اس بات پر غور کیا گیا کہ وفد کے ارکان وادی میں کن افراد اور گروپس سے ملاقاتیں کرینگے حکومت نے مختلف سیاسی جماعتوں سے کہا ہے کہ وہ اس وفد میں شمولیت کیلئے اپنے نمائندوں کے نام روانہ کرے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کل اپنے ریڈیو پروگرام من کی بات میں بھی کشمیر مسئلہ کا تذکرہ کیا تھا اور کہا تھا کہ ایکتا اور ممتا کے ذریعہ ہی کشمیر کی صورتحال کو بہتر بنایا جاسکتا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا تھا کہ جو لوگ معصوم بچوں کو تشدد میں ڈھکیل رہے ہیں انہیں ایک دن اس کا جواب دینا پڑیگا ۔ چیف منسٹر محبوبہ مفتی نے کل وزیر اعظم سے ملاقات کی تھی ۔