حیدرآباد 5 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) جنوب مشرقی خلیج بنگال اور اطراف کے جنوبی انڈمان کے سمندری علاقہ میں ہوا کے دباؤ میں کمی کی جو صورتحال تھی اب وہ اطراف کے علاقوں تک پھیل گئی ہے ۔ ہوا کے دباؤ میں کمی کی صورتحال آئندہ 12 گھنٹوں میں مزید شدت اختیار کرسکتی ہے اور یہ سلسلہ آئندہ 48 گھنٹوں تک برقرار رہ سکتا ہے ۔ امکان ہے کہ یہ شمالی ٹاملناڈو اور جنوبی آندھرا پردیش کے ساحل کی سمت بھی پیشرفت کر جائے ۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ آئندہ دو دن میں تلنگانہ میں موسم خشک ہوسکتا ہے جبکہ تلنگانہ میں 7 ڈسمبر سے کچھ مقامات پر ہلکی سے اوسط بارش ہوسکتی ہے یا گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی ہوسکتی ہے ۔ تلنگانہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اقل ترین درجہ حرارت میں قابل لحاظ اضافہ ہوا ۔ سب سے کم 10 ڈگری سلسئیس درجہ حرارت عادل آباد میں ریکارڈ کیا گیا ۔ حیدرآباد میں درجہ حرارت اعظم ترین 29 اور اقل ترین 18 ڈگری کے آس پاس ہوسکتا ہے ۔
پروفیسر حیدرآباد یونیورسٹی ‘ اکیڈیمی آف سائینسیس کے فیلو منتخب
حیدرآباد 5 ڈسمبر ( پی ٹی آئی ) یونیورسٹی آف حیدرآباد کے ایک پروفیسر کو نیشنل اکیڈیمی آف سائینسیس انڈیا ( ناسی ) کے فیلو کی حیثیت سے انتخاب عمل میں آیا ہے ۔ پروفیسر ایم جئے نندا ہیڈ سنٹر فار ارتھ ‘ اوشین و ماحولیاتی سائینسیس یونیورسٹی آف حیدرآباد کو اکیڈیمی کا ایک فیلو منتخب کیا گیا ہے ۔ یونیورسٹی کے ایک اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی ۔ پروفیسر جئے نندا کو 8 تا 10 ڈسمبر ساوتری بائی پھولے پونے یونیورسٹی میں ہونے والے 87 ویں سالانہ سشن میں شرکت کیلئے مدعو بھی کیا گیا ہے ۔
بل کی منظوری میں رکاوٹ ‘ سیول کنٹراکٹر کا بلدی ڈپٹی انجینئر پر حملہ
امراوتی 5 ڈسمبر ( پی ٹی آئی ) اننت پورم پولیس نے آج ایک سیول کنٹراکٹر کو گرفتار کرلیا جس نے کارپوریشن کے ایک ڈپٹی انجینئر پر حملہ کردیا تھا ۔ کہا گیا ہے کہ ایک بل کی منظوری میں رکاوٹ پیدا کرنے پر یہ حملہ کیا گیا ۔ کنٹراکٹر نرسمہا ریڈی اور اس کے دو ساتھیوں نے ڈپی انجینئر کو اس وقت گھیر لیا جبکہ وہ کل رات اپنے گھر جا رہا تھا ۔ راستہ میں اسے زد و کوب کا نشانہ بنایا گیا اور فقرے کسے گئے ۔ پولیس نے یہ بات بتائی ۔ زخمی انجینئر کی کشٹپا کی حیثیت سے شناخت ہوئی ہے جو میونسپل کارپوریشن کا ڈپٹی انجینئر ہے ۔