نئی دہلی ۔ /22 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل نے ہندوستان کے ساتھ اپنے فوجی تعلقات میں ہونے والی تیز رفتار توسیع کی جھلک پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہندوستان کے ساتھ انتہائی عصری دفاعی ٹکنالوجی میں ساجھیداری کے لئے تیار ہے اور دونوں ممالک مشترکہ طور پر بہت جلد کئی کلیدی اسلحہ تیار کریں گے ۔ اسرائیلی وزیر دفاع موشے یعلون نے کہا کہ براک 8 دفاعی نظام کی مشترکہ تیاری میں حائل رکاوٹوں کو دونوں ملکوں نے دور کرلیا ہے اور فضائی دفاعی نظام کا ایک کلیدی پراجکٹ جاری ہے ۔ موشے یعلون نے اپنے دورہ ہند کے اختتام پر کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر دفاع منوہر پاریکر سے ان کی بات چیت نہایت اطمینان بخش رہی ۔ نیز ان کا ملک (اسرائیل ) فوجی ہارڈویر اور بعض اہم اسلحہ نظام کیلئے ہندوستان میں تیاری و پیداواری یونٹس قائم کرنے تیار ہے ۔ہندوستان ، اسرائیل سے سب سے زیادہ اسلحہ و فوجی ہارڈویر خریدنے والا ملک ہے ۔ 1992 ء میں مکمل سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد اسرائیل کے کسی وزیر دفاع کا یہ پہلا دورہ ہند ہے ۔ موشے یعلون نے ’’میک ان انڈیا‘‘ سے متعلق وزیراعظم مودی کے نظریہ کی ستائش کی اور کہا کہ اسرائیل بھی اس نظریہ کے مطابق ہندوستان میں اس کی ضرورت کے مطابق کلیدی فوجی ہارڈویر اور اسلحہ نظام تیار کرے گا ۔