حیدرآباد۔15۔اکتوبر (سیاست نیوز) حکومت نے مختلف گوشوں سے کی جارہی نمائندگیوں کو قبول کرتے ہوئے کلیان لکشمی اور شادی مبارک اسکیم کے قواعد میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے مشاورت کے بعد سینئر آئی اے ایس عہدیدار ریمنڈ پیٹر نے آج درج فہرست اقوام اور اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کے ساتھ طویل اجلاس منعقد کیا جس میں بعض ترمیمات کو قطعیت دی گئی ہے۔ توقع ہے کہ اندرون دو یوم مذکورہ اسکیمات سے متعلق نئی شرائط کا اعلان کیا جائے گا اور آن لائین درخواستوں کے ادخال کیلئے ویب سائیٹ بھی کام کرنا شروع کردے گی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق حکومت نے شادی سے قبل بھی درخواستوں کی وصولی اور امداد کی اجرائی کا فیصلہ کیا ہے۔ ان اسکیمات کے اعلان کے وقت شرط رکھی گئی تھی کہ مستحق افراد شادی کے بعد درخواست داخل کرے۔
تاہم اب شادی سے قبل ہی درخواستیں قبول کی جائیں گی اور 51,000 ہزار روپئے کی امداد لڑکی کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے گی۔ اقلیتوں کے مختلف گوشوں سے قواعد میں ترمیم کیلئے حکومت سے نمائندگی کی گئی تھی اور چیف منسٹر نے دشواریوں کو محسوس کرتے ہوئے ترمیمات کی ہدایت دی۔ 2 اکتوبر سے اسکیم پر عمل آوری کا آغاز ہوگیا لیکن ابھی تک ویب سائیٹ تیار نہیں کی گئی۔ اب جبکہ اہم ضروری ترمیم کو قطعیت دے دی گئی ہے، توقع ہے کہ اندرون ایک ہفتہ ویب سائیٹ بھی کارکرد ہوجائے گی۔ اسکیم سے استفادہ کے سلسلہ میں جو اہم ترمیم کی ہے ، اس کے مطابق شادی سے ایک ماہ قبل تمام تفصیلات کے ساتھ درخواستیں آن لائین داخل کی جاسکتی ہیں اور حکام کی جانب سے جانچ کی تکمیل کے بعد شادی سے 10 دن قبل رقم لڑکی کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کردی جائے گی۔
عہدیداروں نے تجویز پیش کی تھی کہ شادی سے قبل درخواست کی صورت میں امداد کی 50 فیصد رقم جاری کی جائے جبکہ مابقی رقم شادی کے بعد جاری کی جانی چاہئے ۔ تاہم چیف منسٹر نے اس تجویز سے اتفاق نہیں کیا اور بیک وقت مکمل رقم جاری کرنے کی ہدایت دی۔ حکام نے وضاحت کی کہ درخواست گزاروں کیلئے ایس ایس سی سرٹیفکٹ یا ہال ٹکٹ کی پیشکشی کا لزوم اختیاری ہے ، اسے ضروری نہ سمجھا جائے۔ تاریخ پیدائش سے متعلق دستاویز کی عدم موجودگی کی صورت میں ایس ایس سی سرٹیفکٹ یا ہال ٹکٹ پیش کرنا ہوگا۔ بصورت دیگر آدھار کارڈ ، کمیونٹی سرٹیفکٹ ، انکم سرٹیفکٹ ، گرام پنچایت ، چرچ، مسجد یا کسی اور مجاز ادارہ سے شادی سے متعلق صداقتنامہ کی پیشکشی کافی ہوگی۔ درخواست گزاروں کو سالانہ دو لاکھ روپئے آمدنی سے متعلق سیلف ڈکلیریشن پیش کرنا ہوگا۔ چونکہ حکومت نے 2 اکتوبر کو اس اسکیم کا اعلان کیا لہذا درج فہرست اقوام اور اقلیتی طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد درخواستوں کے ادخال کیلئے دفتر اقلیتی بہبود کے چکر کاٹ رہے ہیں لیکن انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے ذرائع کے متعلق ضروری ترمیم سے متعلق جی او اندرون دو یوم جاری کردیا جائے گا جس کے بعد سے عوام آن لائین درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔
کشمیر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لئے
وی آر کے میڈیکل کالج کی ٹیم روانہ
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اکٹوبر : ( پریس نوٹ ) : ڈاکٹر وی آر کے ویمنس میڈیکل کالج ، ٹیچنگ ہاسپٹل اینڈ ریسرچ سنٹر حیدرآباد کے ڈاکٹرس کی ایک ٹیم کشمیر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لئے روانہ کی گئی، تاکہ متاثرین کی طبی نگہداشت اورانہیں راحت پہنچائی جاسکے ۔ یہ ٹیم ڈاکٹر محمد شمس الدین ملتانی، پروفیسر و صدر شعبہ جنرل میڈیسن ، ڈاکٹر محمد عبدالرفیق اڈوائزر ، ڈاکٹر محمد حیدرالدین صدیقی ، ڈاکٹر مرزا مظفر بیگ، ڈاکٹر ایس نوین کمار، ڈاکٹر ایوب صابر حسین پر مشتمل ہے۔