کلیان لکشمی اور شادی مبارک اسکیمات سے استفادہ کرنے کی خواہش

غریب خاندانوں کیلئے حکومت کی امدادی اسکیمات ، ٹی ہریش راؤ کا بیان
حیدرـآباد۔/14مئی، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے اقلیتوں اور کمزور طبقات سے اپیل کی کہ وہ کلیان لکشمی اور شادی مبارک جیسی اسکیمات سے بھرپور استفادہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ غریب خاندانوں میں لڑکی کی شادی کے مسئلہ سے نمٹنے کیلئے حکومت نے امدادی اسکیم شروع کی ہے جس کے تحت 51ہزار روپئے ادا کئے جاتے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ اس اسکیم سے موثر استفادہ کے ذریعہ غریب خاندانوں میں لڑکیوں کی شادی کو آسان بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمزور طبقات اور اقلیتوں کیلئے جب سے ان اسکیمات کا آغاز ہوا ہے حکومت کی مقبولیت میں اضافہ ہوا اور عوام میں ان اسکیمات کے بارے میں کافی شعور بیدار ہوا ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ان اسکیمات کے ذریعہ تلنگانہ میں ابھی تک ہزاروں خاندانوں کی مدد کی جاچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی بھلائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور جاریہ سال اقلیتی بہبود کیلئے حکومت نے بجٹ میں اضافہ کیا ہے۔ حکومت جاریہ سال مختص کردہ بجٹ کے مکمل خرچ کے حق میں ہے اور اس سلسلہ میں عہدیداروں کو ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ فلاحی اسکیمات حکومت کی اولین ترجیح ہیں اور انتخابی وعدوں کے علاوہ حکومت نے کئی نئی اسکیمات کا آغاز کیا ہے۔