کلیان سنگھ اور یدی یورپا بدعنوانیوں اور فرقہ پرستی کا خطرناک امتزاج

نئی دہلی ۔ 4 مارچ ۔ (سیاست ڈاٹ کام)سی پی آئی ( ایم ) نے سابق وزیراعلیٰ کلیان سنگھ اور بی ایس یدی یورپا کو ’’بدعنوانیوں اور فرقہ پرستی کا خطرناک امتزاج‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان دونوں کی بی جے پی میں واپسی سے یہ واضح ہوجاتا ہے کہ پارٹی کی حکمت عملی کیا ہے اور ہندوستان کا مستقبل کیا ہے ۔ سی پی آئی ( ایم ) قائد نے اپنے مائیکرو بلاگ ٹوئٹر پر تحریر کرتے ہوئے کہا کہ کلیان سنگھ اور یدی یورپا بدعنوانیوں اور فرقہ پرستی کی کاک ٹیل ہیں اور ہندوستان کے مستقبل کے لئے اسے بی جے پی کا بلیو پرنٹ قرار دیا۔ یاد رہے کہ یو پی کے سابق وزیراعلیٰ کلیان سنگھ نے اتوار کے روز بی جے پی میں دوبارہ شمولیت اختیار کی جنھیں بی جے پی کا قومی نائب صدر بنایا گیا ہے جسے پارٹی میں اُن کی بازآبادکاری سے تعبیر کیا جارہا ہے جبکہ دوسری طرف جنوری میں کرناٹک کے سابق وزیراعلیٰ بی ایس یدی یورپا نے بھی اپنی نئی پارٹی کو بی جے پی میں ضم کردیا تھا ۔

ماؤسٹ کیڈر ہتھیاروں کیساتھ گرفتار
مدنی نگر ( جھارکھنڈ) ۔ 4 مارچ ۔ (سیاست ڈاٹ کام )ضلع پالاماؤ کے موضع بنگائی سے ماؤسٹوں کے ایک کیڈر کو ہتھیار اور گولہ بارود کے ساتھ گرفتار کیا گیا ۔ دریں اثناء پولیس سپرنٹنڈنٹ وائی ایس رمیش اور سی آر پی ایف کمانڈنٹ انیل کمار نے بتایا کہ روشن جی اسکواڈ کے سنجے بھوریاں کو نکسلائیٹس کے خلاف چلائے گئے ایک آپریشن کے دوران گزشتہ شب گرفتار کیا گیا۔ ضلع پاؤلا میں مذکورہ آپریشن گزشتہ چار دنوں سے جاری ہے۔