سرینگر 14 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی کشمیر کے کلگام ضلع میں آج ایک انکاؤنٹر میں لشکرطیبہ کے دو عسکریت پسند اور ایک عام شہری ہلاک ہوگیا جبکہ سکیوریٹی فورسیس کے تین اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ اس کے بعد یہاں کشیدگی پیدا ہوگئی اور لا اینڈ آرڈر مسئلہ پیدا ہوگیا ۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ کل رات سے جاری انکاؤنٹر میں لشکرطیبہ کے دو عسکریت پسند چینی گام گاؤں میںہلاک ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ مہلوک عسکریت پسندوں کی محمد عباس ملا عرف خطاب اور منظور الحق ملک کی حیثیت سے شناخت ہوئی ہے اور دونوں کلگام کے رہنے والے تھے ۔ کہا گیا ہے کہ ان کے قبضہ سے ایک اے کے اور ایک انساس رائفل دستیاب ہوئی ہے ۔ ان کی نعشیں بھی انکاؤنٹر کے مقام سے دستیاب ہوگئی ہیں۔ کہا گیا ہے کہ انکاؤنٹر کے مقام پر دوبارہ فائرنگ ہوئی جس میں تین سکیوریٹی اہلکار زخمی ہوگئے ۔