حیدرآباد 4 اکٹوبر (این ایس ایس) کلواکرتی کے رکن اسمبلی ومشی چند ریڈی نے دھمکی دی ہے کہ کلواکرتی کو ریونیو ڈیویژن نہ بنائے جانے کی صورت میں اس علاقہ کے عوام دسہرہ کے موقع پر راون کے بجائے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کے پتلے جلائیں گے۔ اُنھوں نے کے سی آر پر طنزیہ ریمارک کرتے ہوئے کہاکہ ’’نئے اضلاع کی تشکیل دراصل ایک پاگل شخص کے ہاتھوں میں پتھر جیسا معاملہ بن گیا ہے جو کسی پر بھی پھینک مار سکتا ہے‘‘۔ ومشی چند نے گاندھی بھون میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ چیف منسٹر عوام سے کہہ رہے ہیں کہ خوشی کے ساتھ دسہرہ منائیں لیکن وہ کلواکرتی کے عوام کے مطالبہ کی پرواہ نہیں کررہے ہیں۔ ومشی چند نے اعلیٰ اختیاری کمیٹی کے سربراہ کے کیشو راؤ سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کرتے ہوئے کلواکرتی کو ڈیویژن بنانے کا مطالبہ کیا۔ اس دوران کے سی آر نے بھی اس کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ کلواکرتی کو ڈیویژن بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے۔