کلثوم نواز کے قلب پر حملہ، حالت مزید ابتر

لندن ؍ اسلام آباد ۔ 15 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کی علیل اہلیہ کلثوم نواز کی صحت قلب پر حملہ کے بعد مزید بگڑ گئی ہے۔ یاد رہیکہ محترمہ فی الحال لندن میں گلے کے کینسر کی سرجری کے بعد ہنوز ہاسپٹل میں ہیں۔ 68 سالہ کلثوم کو گذشتہ شب لندن ہاسپٹل کے انتہائی نگہداشت والے کمرہ (آئی سی یو) میں منتقل کیا گیا۔ ہاسپٹل میں اپنی والدہ کے قریب موجود ان کی دختر مریم نواز نے بتایا کہ امی کی حالت زیادہ بگڑنے سے انہیں آئی سی یو میں منتقل کیا گیا ہے۔ مریم نے کہا کہ جس وقت میں ابو (نواز شریف) کے ساتھ لندن جانے والے طیارے میں سوار تھی اس وقت ہمیں یہ خبر ملی کہ امی کے قلب پر حملہ ہوا ہے۔ فی الحال انہیں وینٹیلیٹر پر رکھا گیا ہے۔ انہوں نے اپنے تمام خیرخواہوں سے ان کی امی کی عاجلانہ صحتیابی کی دعا کرنے کی درخواست کی ہے۔ دوسری طرف ایکسپریس ٹریبون کی خبر کے مطابق لندن کے ہاسپٹل میں کلثوم نواز کے قلب پر حملہ کے بعد ان پر غنودگی طاری ہوگئی تھی اور وہ ہنوز بے ہوش ہیں۔ نواز شریف کے فرزند حسین نواز نے بھی پاکستانی عوام سے اپیل کی ہیکہ وہ ان کی (حسین) امی کی صحتیابی کیلئے دعا کریں۔ نواز شریف کے بھائی شہباز شریف نے بھی عوام سے اپنی بھاوج کی صحتیابی کے یہ کہہ کر دعا کی درخواست کی ہے کہ اب مقدس ماہ رمضان المبارک بھی گزر چکا ہے لہٰذا ہمیں اب بھی اللہ کی رحمتوں اور فضیلتوں سے مایوس نہیں ہونا چاہئے۔ اللہ کے نزدیک دعا کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔