لندن ۔ 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی حالت لندن کے ہارلی اسٹریٹ کلینک کے ڈاکٹرس کے مطابق انتہائی نازک ہے۔ پانچ رکنی ڈاکٹرس کے بورڈ نے منگل کو شریف خاندان کو بتایا کہ بیگم کلثوم نواز کے وینٹیلیٹر کو ابھی ہٹایا نہیں جائے گا اور نواز شریف کو کہا کہ ان کی صحت کے دوسرے جائزہ کا انتظار کریں۔ یہ اطلاع جیو ٹی وی نے دی۔ ڈاکٹرس نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مریضہ کلثوم نواز کی حالت میں جمعرات سے زیادہ بہتری نہیں ہوئی ہے۔ واضح رہیکہ بیگم کلثوم نواز کو 14 جون سے ’’انتہائی نگہداشت‘‘ والے کمرے میں منتقل کیا گیا ہے جبکہ ان کے قلب پر بھی حملہ ہوا تھا جس کے بعد سے وہ ’’لائف سپورٹ‘‘ پر زیرعلاج ہیں۔