کلبھوشن جادھو کے اقبالی بیان کی ایک اور ویڈیو جاری

پاکستان کا ویڈیو پروپگنڈہ ، اعتبار نہیں کیا جاسکتا : ہندوستان
اسلام آباد۔ 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج ہندوستانی قیدی کلبھوشن جادھو کے اقبالی بیان کی ایک اور ویڈیو جاری کردی۔ جادھو کو سزائے موت سنائی گئی ہے۔ اس ویڈیو میں انہوں نے تسلیم کیا ہے کہ وہ ایک کمشینڈ آفیسر بحریہ میں اور یہ کہ ان کی والدہ اور اہلیہ سے ملاقات کے وقت ان کے ہمراہ سفیر بھی موجود تھے، تاہم اس ویڈیو کی صداقت کے بارے میں ابھی کوئی واضح نہیں ہوسکا۔ پاکستان نے یہ ویڈیو اس وقت جاری کیا جب ہندوستان نے پاکستان کے دفتر خارجہ پر تنقید کی تھی کہ اس نے جادھو خاندان سے ملاقات کے طور طریقہ کی خلاف ورزی کی ہے اور یہ سوالات بھی اٹھائے جارہے ہیں کہ 47 سالہ ہندوستانی شہری کی صحت ٹھیک نہیں ہے۔ ہندوستان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جادھو اپنے ارکان خاندان سے ملاقات کے دوران کمزور اور دباؤ کا شکار نظر آرہے تھے۔ دفتر خارجہ پاکستان میں 25 ڈسمبر کو یہ ملاقات ہوئی تھی۔ ہندوستان نے اس ویڈیو کو پروپگنڈہ مہم قرار دیا اور کہا کہ اس پر کوئی اعتبار نہیں کیا جاسکتا۔