کلبھوشن جادھو مسئلہ پر آج حکومت کا بیان

نئی دہلی ۔ 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت لوک سبھا میں کل پاکستان میں کلبھوشن جادھو کے ارکان خاندان سے روا رکھے گئے سلوک کے بارے میں بیان دے گی۔ وزیرخارجہ سشماسوراج نے کہا کہ مختلف سیاسی پارٹیوں کے قائدین نے وقفہ صفر کے دوران پاکستان کے سلوک کے خلاف سخت احتجاج کیا تھا۔ ان میں کانگریس، شیوسینا ، ترنمول کانگریس اور انا ڈی ایم کے کے ارکان شامل تھے۔ سشمانے کہا کہ وہ ایوان میں موجود تھیں۔ حکومت اس مسئلہ پر کل اپنا بیان دے گی۔ قبل ازیں کانگریسی قائد ملک ارجن کھرگے نے جادھو کے ارکان خاندان کے خلاف پاکستان کے رویہ پر سخت احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ جادھو کو رہا کرواکر ہندوستان لایا جائے۔ شیوسینا کے اروند ساونت نے بھی اس مسئلہ پر احتجاج کیا تھا اور کہا تھا کہ حکومت کو اس مسئلہ پر خاموش نہیں رہناچاہئے۔ انا ڈی ایم کے رکن ایم تمبی دورائی نے پاکستان کے رویہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ عورت کا منگل سوتر اتارنا اس کی توہین ہے۔ جادھو کو مارچ میں گرفتار کیا گیا تھا اور پاکستان کی فوجی عدالت نے جاسوسی کے جرم میں اسے سزائے موت دی تھی جسے بین الاقوامی عدالت انصاف نے ملتوی کرنے کی ہدایت دی تھی۔