نئی دہلی، 23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ نے دانشور ایم ایس کلبرگی کے قتل کی خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) سے انکوائری کرانے سے متعلف عرضی پر کرناٹک، گوا اور مہاراشٹر حکومت سے جوابی حلف نامہ داخل کرنے کا حکم دیا ہے ۔چیف جسٹس دیپک مشرا ، جسٹس اے ایم کھانولکر اور جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ کی بنچ نے عرضی گذار اوما دیوی کلبرگی کے وکیل کرشن کمار کے دلائل سننے کے بعد تینوں ریاستوں سے چار ہفتے کے اندر جواب دینے کے لئے کہا ۔اس دوران مرکزی حکومت کی طرف سے پیش ایڈیشنل سالسٹر جنرل پنکی آنند نے عدالت کو بتایا کہ وہ اس قتل معاملے کی نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے ) سے انکوائری کرانے کے حق میں نہیں ہیں کیونکہ قتل کا معاملہ این آئی اے قانون کے تحت نہیں آتا ہے ۔