لندن ۔ 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) معروف این آر آئی صنعتکار لارڈ سوراج پال نے ہندوستان کے سابق صدرجمہوریہ اے پی جے عبدالکلام کی اچانک موت پر اظہارتعزیت کیا اور انہیں ایک عظیم صدر سے تعبیر کیا۔ سوراج پال نے کہا کہ مسٹر کلام نہ صرف ایک عظیم صدر تھے بلکہ ایک عظیم سائنسداں بھی تھے، جنہوں نے ہندوستان کی ترقی میں نمایاں رول ادا کیا۔ انہوں نے اظہارتعزیت کرتے ہوئے مزید کہا کہ سابق صدر نہ صرف ایک عوام مقبول شخصیت تھے بلکہ ان کے (سوراج پال) دوست بھی تھے۔ ہم تمام ہندوستانی ان کے کارناموں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے جو انہوں نے ہندوستان کی ترقی کے لئے انجام دیئے۔ ہمیں ان پر فخر ہے۔ سوراج پال نے کہا کہ انہوں نے مسٹر کلام سے صرف تین ماہ قبل ملاقات کی تھی لیکن کیا پتہ تھا کہ وہ آخری ملاقات ثابت ہوگی۔