سنگاپور 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے قائم مقام وزیر دفاع پیٹرک شناہن نے بحیرہ جنوبی چین میں چینی فوج کی سرگرمیوں پر تنقید کی ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق ہفتے کے روز سنگاپور میں ایشیا بحرالکاہل خطے کے سلامتی امور سے متعلق سالانہ شنگریلا کانفرنس سے خطاب میں شناہن نے چین کا نام لیے بغیر کہا کہ خطے کو سب سے بڑا طویل مدتی خطرہ بین الاقوامی امن کو نقصان پہنچانے کے خواہشمند کرداروں سے ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دوسری اقوام کی خودمختاری کو ٹھیس پہنچانے اور عدم اعتماد کے بیج بونے کی چینی خواہشات کو روکنا ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکا دیگر ممالک کے ساتھ مل کر آزاد اور کھلے ماحول کے لیے ڈٹ کر کھڑا ہوگا۔جناب شناہن نے کہا کہ آزاد اور کھلی ہند بحرالکاہل حکمت عملی کے تحت امریکا اپنے اتحادیوں اور دیگر ممالک کے ساتھ تعاون مضبوط کر رہا ہے۔ انہوں نے خطے کے ممالک پر زور دیا کہ وہ اپنی دفاعی صلاحیتوں کو بہتر بنائیں۔ انہوں نے چین سے کہا کہ وہ ہمسایہ ممالک کو اپنی عسکری قوت سے ڈرانے دھمکانے سے گریز کرے۔ شناہن نے بتایا کہ واشنگٹن مختلف خاص ٹیکنالوجی تیار کرنے میں مصروف ہے۔ یہ ٹیکنالوجی اگلے 5 برسوں میں متعارف کرانے کے بعد ایشیا میں استحکام قائم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ چین کو اپنے ہمسایوں کے ساتھ تعاون کے تعلقات استوار کرنے چاہییں، نہ کہ ایسا رویہ کہ دوسری ریاستوں کا صفایا ممکن ہو۔