کشن گنج اگریکلچر کالج عبدالکلام سے موسوم

پٹنہ۔/28جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق صدر جمہوریہ اے پی جے عبدالکلام کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج کشن گنج اگریکلچر کالج کو ان کے نام سے معنون کردیا ہے۔ دہلی روانگی سے قبل چیف منسٹر نے بتایا کہ زرعی کالج کا اب نیا نام ’’ڈاکٹر کلام اگریکلچر کالج‘‘ کشن گنج ہوگا۔ چیف منسٹر نے صدر جمہوریہ کے میعاد کی تکمیل کے بعد عبدالکلام کی نالندہ یونیورسٹی میں خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا۔

 

عبدالکلام کی قیامگاہ پر عوام مایوس
نئی دہلی 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سینکڑوں افراد سابق صدرجمہوریہ اے پی جے عبدالکلام کی نعش کا دیدار کرنے کے لئے اُن کی قیامگاہ پر جمع تھے جن میں نوجوانوں ، بچوں ، خواتین اور عمر رسیدہ افراد کی کثرت تھی، لیکن اُنھیں مایوسی ہوئی کیوں کہ وہ صدر مرحوم کی نعش کا آخری دیدار نہیں کرسکے۔ تاہم اُن کی تقاریر آن لائن دکھائی جارہی تھیں لیکن عبدالکلام کے مداح عوام کا ہجوم ان کے آخری دیدار سے محروم رہا۔ وہ کافی دیر تک رکے رہے۔ تاہم بعدازاں واپس چلے گئے۔