کشن ریڈی کو کامیاب بنانے سشما سوراج کی اپیل

کے سی آر پر فوج کی توہین اور پاکستانی دہشت گرد کی تائید کا الزام : سشما سوراج
حیدرآباد ۔ 6 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : وزیر خارجہ سشما سوراج نے جمعہ کو ہریانہ بھون میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی حکومت اپنی میعاد میں قومی سلامتی ، ملک کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے کام کی ہے ۔ سشما سوراج نے جو لسانی اقلیتوں کے اجلاس سے خطاب کررہی تھیں حلقہ لوک سبھا سکندرآباد سے بی جے پی امیدوار کشن ریڈی کو کامیاب بنانے کی اپیل کی اور بحیثیت رکن اسمبلی 15 سال کے دوران ان (کشن ریڈی ) کی خدمات اور کارناموں کے علاوہ بی جے پی کے سبکدوش رکن پارلیمنٹ بنڈارو دتاتریہ کی عوامی خدمات اور ان کی طرف سے کیے گئے ترقیاتی کاموں کا تفصیلی تذکرہ کیا۔ سشما سوراج نے پلوامہ دہشت گرد حملوں کے بعد مودی حکومت کے اقدامات اور پاکستان میں جیش محمد کے تربیتی کیمپوں پر کئے گئے فضائی حملوں کو ایک اہم کامیابی قرار دیا اور تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر ہندوستانی فوج کی بد احترامی اور پاکستانی دہشت گرد مسعود اظہر کی تائید کا الزام عائد کیا ۔ جنہوں نے ( کے سی آر ) نے کہا تھا کہ سرجیکل حملوں میں ایک چیونٹی بھی نہیں مری ہے ۔۔