سیاست ملت فنڈ کے توسط سے فیض عام ٹرسٹ اور عنایت ملت ویلفیر چیارٹیبل ٹرسٹ کا اقدام، جناب خداداد خاں کی ہدایت پر امانت خاں کی متاثرین سے ملاقات
تین شہداء کے ورثاء میں 3 لاکھ کی تقسیم اور بیٹی کا جہیز جلنے پر پریشان خاتون کو ایک لاکھ روپئے کی امداد
حیدرآباد 20 مئی (ابو ایمل) مصیبت زدہ اور حالات کے ستائے ہوئے انسانوں کی مدد سب سے بڑی عبادت ہے۔ یتیموں و یسیروں کے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھنے، شہیدوں کے ماں باپ کی آنکھوں سے بہتے آنسوؤں کو پونچھنے، زخمیوں کی مدد کرنے کا اعزاز اللہ عزوجل جن شخصیتوں اور اداروں کو عطا کرتا ہے وہ انتہائی خوش نصیب ہوتے ہیں۔ اس سلسلہ میں ادارہ سیاست اور ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کو اس لئے خوش نصیب کہا جاسکتا ہے کیونکہ جب بھی مسلمانوں پر کوئی آفت آپڑتی ہے، فسادات کے ذریعہ ان کی جانوں مالوں کو تباہ و برباد کیا جاتا ہے، تب ادارہ سیاست فوری ان کی مدد کیلئے پہنچ جاتا ہے۔ وہ فاصلوں کی پرواہ نہیں کرتا، گجرات ہو یا آسام یا پھر اترپردیش کا مظفر نگر جہاں سے بھی مسلمانوں کی آہیں سنائی دیں سیاست فیض عام ٹرسٹ اور عنایت ملت ویلفیر چیارٹیبل ٹرسٹ جیسے اداروں کے ذمہ داروں نے وہاں پہونچ کر مظلوم و نہتے مسلمانوں کی دل کھول کر مدد کی، ان کی بازآبادکاری کا انتظام کیا۔ عرش محل کشن باغ میں 15 مئی کو سکھ اشرار کے اچانک حملہ میں مقامی مسلمانوں کو زبردست نقصان پہنچا تھا۔ بی ایس ایف کی فائرنگ میں تین افراد جاں بحق ہوئے جبکہ گولیاں لگنے سے 7 اور تلواروں اور دیگر مہلک ہتھیاروں سے کئے گئے حملوں میں 2 افراد شدید زخمی ہوئے تھے۔ اشرار نے 8 گھروں کو آگ لگادی تھی جس میں ایک ایسا گھر بھی شامل ہے جہاں ایک معذور خاتون ناظمہ بیگم کی نوجوان لڑکی کی شادی کا سارا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔
ان کی لخت جگر کی شادی پانچ دن بعد یعنی 25 مئی کو مقرر ہے۔ کشن باغ کے غریب مسلمانوں کی بے کسی و بے بسی کو دیکھتے ہوئے ملت فنڈ ادارہ سیاست کے توسط سے فیض عام ٹرسٹ حیدرآباد ممتاز این آر آئی اور فلاح کار جناب خداداد خان کی قیادت میں چلائے جارہے عنایت ملت ویلفیر چیارٹیبل ٹرسٹ ہمناآباد کی جانب سے ان متاثرین میں جملہ 6 لاکھ 40 ہزار روپئے تقسیم کئے گئے۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں، فیض عام ٹرسٹ کے سکریٹری و ٹرسٹی جناب افتخار حسین اور عنایت ملت ویلفیر چیارٹیبل ٹرسٹ کے انچارج و ٹرسٹی جناب امانت خاں کے ہاتھوں متاثرین فسادات میں امداد کی تقسیم عمل میں آئی۔ نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں نے متاثرین کو دلاسہ دیا اور ان کی ہمت بندھائی۔ عنایت ملت ویلفیر چیارٹیبل ٹرسٹ ہمناآباد کے سربراہ جناب خداداد خاں کی ہدایت پر کشن باغ کے تین شہداء محمد فرید، محمد واجد اور شجاع الدین خطیب کے ورثاء میں فی کس ایک لاکھ جملہ تین لاکھ روپئے تقسیم کئے گئے۔ جبکہ ایک لاکھ روپئے ناظمہ بیگم کے حوالے کئے گئے۔ اس موقع پر جناب زاہد علی خاں نے ناظمہ بیگم سے کہاکہ آپ نے اپنی بیٹی کا جہیز اشرار کے ہاتھوں تباہ ہونے کے باوجود صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا، اللہ تعالیٰ نے آپ کو اس کا بہتر اجر دیا ہے۔ جناب افتخار حسین نے کشن باغ فسادات میں جام شہادت نوش کرنے والے شہداء کے معصوم بچوں کے سر پر شفقت سے ہاتھ رکھتے ہوئے کہاکہ فیض عام ٹرسٹ نے اشرار کی جانب سے تلواروں سے کئے گئے حملوں میں زخمی افراد میں فی کس 10 ہزار روپئے، بی ایس ایف کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی ہونے والے 7 افراد میں فی کس 20 ہزار روپئے اور جن 8 افراد کے گھر جلائے گئے ان میں فی کس 10 ہزار روپئے تقسیم کئے ہیں۔
اُنھوں نے کہاکہ معذور لڑکے ابراہیم اور پروین کی جو کرانہ کی دکان چلاتی ہیں، ان کی بازآبادکاری کا انتظام کیا جائے گا۔ جن لوگوں میں 6,40,000 روپئے تقسیم کئے گئے ان میں شہید شجاع الدین خطیب کی بیوی، حبیبہ بیگم، محمد فرید شہید کے بھائی محمد جہانگیر اور محمد واجد شہید کی والدہ اعجاز اصغری کے علاوہ ناظمہ فاطمہ، محمد محمود، زخمی سید یونس کی والدہ فاطمہ بیگم، سید غوث، نواز شیر خاں ، محمد صدام، محمد خواجہ، سید سکندر، محمد خلیل، شیخ نبی، محمد جہانگیر، انور خاں، محمد صادق، سعدیہ بیگم، شیخ عبدالرؤف، سید ابراہیم حسینی اور منصور علی خاں شامل ہیں۔ مصیبت زدہ مسلمانوں کی امداد کے موقع پر جناب سید مسکین احمد، صدر وقف پروٹیکشن سوسائٹی جناب عثمان الہاجری، جناب ساجد بیگ ایڈوکیٹ، عبدالصمد پہلوان، محمد عبداللہ، عبداللہ بن عثمان الہاجری اور وقف پروٹیکشن سوسائٹی کے دیگر عہدیداران موجود تھے۔ عثمان الہاجری نے اپنے خطاب میں کہاکہ ادارہ سیاست نے ہمیشہ مظلوموں اور بے بس غریب مسلمانوں کی مدد کی ہے۔ دوسری طرف کشن باغ فسادات کے متاثرین نے جناب زاہد علی خاں، جناب عامر علی خاں، فیض عام ٹرسٹ اور عنایت ملت ویلفیر چیارٹیبل ٹرسٹ کے سربراہ جناب خداداد خاں اور انچارج و ٹرسٹی امانت خاں کے حق میں دعا کی۔