جناب زاہد علی خان کے ہاتھوں رقم کی حوالگی‘ دو زخمیوں کو امریکہ میں مقیم حیدرآبادی ڈاکٹر کی جانب سے امداد کی پیشکش
حیدرآباد۔26مئی ( سیاست نیوز) کسی ضعیف باپ کے سامنے اس کے جواں سال بیٹے کی نعش لائی جائے اور کسی نوجوان بہن کے روبرو اس کے چاہنے والے بھائی کی میت رکھ دی جائے تو اس وقت ان باپ بیٹی کا حال کیا ہوگا ‘ اس بارے میں تصور کر کے ہی دل کانپ جاتا ہے ۔ زبان کے الفاظ ساتھ نہیں دیتے ‘ شدت غم سے سارا وجود لرز کر رہ جاتا ہے لیکن کشن باغ میں پولیس کی گولیوں اور شرپسندوں کی تلواروں کا نشانہ بن کر جام شہادت نوش کرنے والے نوجوان محمد فرید کے ضعیف والد جناب محمد سلیمان اور بہن فاطمہ بیگم کی آنکھوں سے شدت غم سے آنسو بہہ رہے ہیں لیکن ان کا یہی کہنا ہیکہ وہ اللہ رب العزت کے فیصلے سے راضی ہیں ۔ قارئین ‘ جناب محمد سلیمان اوران کی دختر فاطمہ بیگم نے آج دفتر ’سیاست‘ پہنچ کر ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان سے ملاقات کی ۔ جناب زاہد علی خان نے شہید نوجوان کے والد محمد سلیمان اور بہن فاطمہ بیگم کو ایک لاکھ روپئے پیش کئے ۔ یہ رقم دوبئی میں مقیم ہندوستانی فلاح کار و صنعت کار جناب خداداد خان نے عنایت ملت ویلفیر چیاریٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے روانہ کی تھی ۔ اس رقم کو جناب زاہد علی خان کی ہدایت پر فاطمہ بیگم کے نام پر فکسڈ ڈپازٹ کروایا جائے گا