انتظار کی گھڑی ختم ، برسوں بعد سہی عوام کا خواب عنقریب شرمندہ تعبیر
حیدرآباد۔19جون(سیاست نیوز) پرانے شہرکے علاقہ کشن باغ اور بہادر پورہ کے عوام کو کئی برسوں بعد ہی سہی پارک کی سہولت دستیاب ہونے کو ہے۔ کشن باغ میں برسوں سے زیر تعمیر پارک کا ریاستی وزیربلدی نظم و نسق و انفارمیشن ٹیکنالوجی مسٹر کے ٹی راما راؤ افتتاح انجام دیں گے۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے تعمیر کردہ اس پارک پر جی ایچ ایم سی نے 6تا7کروڑ روپئے خرچ کئے ہیں تاکہ علاقہ کے عوام کو کھلی فضاء میسر آئے اور چہل قدمی کے علاوہ سیکلنگ ٹریک کی فراہمی کو ممکن بنایا جا سکے ۔ میر عالم تالاب سے متصل تعمیر کئے گئے اس پارک کے ترقیاتی کام 2005 میں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور اس کے بعد سے جتنے بھی انتخابات ہوئے ان انتخابات سے قبل اس پارک کو ترقیاتی کاموں کی فہرست میں شامل رکھا گیا لیکن اب اس پارک کا عملی طور پر افتتاح عمل میں لایا جا رہاہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے پرانے شہر میں انجام دیئے جانے والے ترقیاتی کاموں میں اس پارک کے علاوہ جنگم میٹ ‘ فلک نما اور اپوگوڑہ میں زیر تعمیر ڈبل بیڈ روم فلیٹس کو بھی ترقیاتی کارناموں میں شامل کرتے ہوئے منتخبہ عوامی نمائندوں کی جانب سے کریڈٹ حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ متحدہ ریاست آندھرا پردیش میں کانگریس حکومت کے دور میں اس پارک کے افتتاحی کام شروع ہوچکے تھے لیکن انتہائی سست رفتاری سے جاری رہنے والے ان کاموں میں گذشتہ 6ماہ کے دوران سرعت پیدا کرتے ہوئے فوری تکمیل کرنے کی ہدایات جاری کی گئی تھی کیونکہ کشن باغ پارک کے سلسلہ میں عوام اور صحافتی حلقوں میں یہ کہا جا نے لگا تھا کہ انتخابات سے قبل ہی اس پارک کے سلسلہ میں سیاسی قائدین دلچسپی دکھاتے ہیں اور انتخابات کے بعد اس پارک کے مسئلہ کو فراموش کردیا جاتا ہے لیکن اب شہر کی گنجان آبادی و الے اس علاقہ کے عوام کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے جا رہاہے کیونکہ کشن باغ پارک کے افتتاح کو قطعیت دی جا چکی ہے اور 20جون کو ریاستی وزیر کے ہاتھوں اس پارک کا افتتاح عمل میں لایا جائے گا۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے بتایا کہ پرانے شہر میں 10سال کے بعد کسی پارک کا افتتاح عمل میں لایاجا رہا ہے کیونکہ 2007 میں املی بن پارک کے افتتاح کے بعد سے اب تک کوئی پارک پرانے شہر میں تعمیر نہیں کیا گیا اور نہ ہی کسی پارک کو ترقی دی گئی ۔ ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے سال 2007کے دوران املی بن پارک کا افتتاح کیا تھا اور اب 2018 میں پرانے شہر میں دوسرا پارک مکمل ہوا ہے۔