اسلام آباد ، یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے طاقتور فوجی سربراہ جنرل راحیل شریف نے کشمیر کو اپنے ملک کی ’’ شہ رگ ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خطہ میں دیرپا امن کیلئے اس مسئلے کی یکسوئی کشمیریوں کی اُمنگوں اور اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی مطابقت میں ہونا چاہئے۔ راولپنڈی کے آرمی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ یوم شہدا کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل شریف نے کل دعویٰ کیا کہ کشمیر بین الاقوامی طورپر مسلمہ تنازعہ ہے ۔ انھوں نے کہاکہ کشمیریوں نے جو بے مثل قربانیاں دی ہیں وہ ضائع نہیں ہوں گی ۔ جنرل شریف جو حال ہی میں سعودی عرب کے سرکاری دورہ سے واپس ہوئے ، انھوں نے کشمیر کو پاکستان کیلئے کلیدی اہمیت کا حامل خطہ قرار دیا۔ جنرل شریف نے کہا کہ مملکت کے باغیوں سے نمٹنے کے معاملے میں شک کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ فوج دہشت گردی کے خاتمے اور امن کے قیام کیلئے ہر کوشش کی حمایت کرتی ہے۔
انھوں نے پاکستان مخالف عناصر کو آئین اور قانون کی اطاعت کرنے اور قومی دھارے میں آنے کی دعوت بھی دی۔’’یہ ہماری دلی خواہش ہے کہ پاکستان کے خلاف سرگرم عمل تمام عناصر غیر مشروط طور پر ملک کے آئین اور قانون کی مکمل اطاعت قبول کریں اور قومی دھارے میں واپس آئیں بصورت دیگر مملکت کے باغیوں سے نمٹنے کے معاملے میں شک کی کوئی گنجائش نہیں‘‘۔ جنرل شریف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جان قربان کرنے والے جوانوں اور عوام کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ’’میں نہ صرف افواج پاکستان، ایف سی رینجرز، فرنٹیئر کانسٹبلری، پولیس اور لیویز بلکہ ان ہزاروں محب وطن شہریوں کو بھی خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اس جنگ میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا‘‘۔ فوج کے سربراہ نے اس موقع پر میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ رائے عامہ ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی پاکستان کے پاس نمایاں اہمیت ہے اور اس مسئلہ کو اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت حل کیا جانا چاہئے۔