اسلام آباد۔ 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی کے بحیثیت وزیراعظم پہلے دورۂ جموں و کشمیر سے قبل پاکستان نے یہ کہتے ہوئے ایک نیا تنازعہ کھڑا کردیا ہے کہ کشمیر ’’متنازعہ‘‘ علاقہ ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان تسنیم اسلم خاں نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ ہم ریاست جموں و کشمیر کے ہندوستان سے نام نہاد الحاق کو قبول نہیں کرتے۔ کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ حصہ نہیں ہے، ہمارا موقف یہ ہے کہ جموں و کشمیر ’’متنازعہ‘‘ علاقہ ہے۔ انہوں نے یہ تبصرہ ایسے وقت کیا جبکہ وزیراعظم ہند نریندر مودی جموں اور سرینگر کے ایک روزہ دورہ پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر کے عوام کو اب تک فیصلہ کرنے کا موقع نہیں ملا جس کی طمانیت اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی تقریباً 20 قراردادوں کے ذریعہ دی گئی ہے۔ پاکستان کے اس موقف کو ہندوستان نے یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر اس کا اٹوٹ حصہ ہے۔ واضح رہے کہ نریندر مودی ادھم پور میں نئے تعمیر کردہ کٹرا ریلوے اسٹیشن کا افتتاح کریں گے اور پھر سرینگر میں سینک سمیلن سے خطاب کریں گے۔