سری نگر ، 10 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر میں بدھ کے روز بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی پولنگ کے موقع پر مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ مولوی عمر فاروق اور محمد یاسین ملک کی اپیل پر پولنگ والے علاقوں میں ہڑتال کی گئی جس کے دوران ایسے علاقوں میں دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی۔ تاہم پولنگ والے علاقوں میں تعلیمی ادارے اور سرکاری دفاتر حکومتی احکامات پر بند رہے ۔ انتظامیہ کے دعوے کہ وادی میں کہیں کوئی پابندیاں نافذ نہیں کی گئی ہیں، کے برخلاف سری نگر کے پائین شہر میں بدھ کو ایک بار پھر سیکورٹی قدغنیں عائد کی گئی تھیں ۔ یو این آئی کے ایک نامہ نگار جس نے بدھ کی صبح پائین شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، نے پائین شہر کے مختلف حصوں بالخصوص نوہٹہ میں رابطہ سڑکوں کو خاردار تار سے سیل کیا ہوا پایا۔ نامہ نگار کے مطابق پائین شہر میں سبھی دکانیں اور تجارتی مراکز بند تھے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل تھی۔ پائین شہر کی سڑکوں پر سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔