کشمیر کے متاثرہ عوام کی مدد کی اپیل

حیدرآباد 5 اکٹوبر (راست) جناب لطیف محمد خان سکریٹری سیول لبرٹیز کمیٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جموں و کشمیر کے سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کریں۔ سیول لبرٹیز کمیٹی نے کوآرڈی نیشن کمیٹی فار فلڈ ریلیف اِن کشمیر (CCFRK) کے ساتھ اشتراک و تعاون کرتے ہوئے متاثرہ عوام کے لئے امداد کے کام کا آغاز کیا ہے۔ واضح رہے کہ (CCFRK) کے ذمہ دار کشمیر کے طلباء ہیں جو یونیورسٹی آف حیدرآباد اور مولانا آزاد یونیورسٹی میں ریسرچ اسکالر ہیں اور یہ کشمیر کے جغرافیائی حالات اور متاثرہ علاقوں سے بخوبی واقف ہیں۔ ان طلباء نے اس وقت اپنے آپ کو جموں و کشمیر میں راحت کاری کے کام کے لئے وقف کردیا ہے اور سیول لبرٹیز کمیٹی اِن کے ساتھ اشتراک کررہی ہے تاکہ متاثرین کو بروقت مدد مل سکے اور حقیقی متاثرین کو فوری راحت پہنچائی جاسکے۔ سیول لبرٹیز کو اپنے ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ جموں و کشمیر کے دور دراز علاقوں اور پہاڑی علاقوں کے متاثرہ عوام تک ابھی تک کوئی مدد نہیں پہنچی ہے اور اب یونیورسٹیز کے طلباء نے ان علاقوں تک راحت پہنچانے کی ذمہ داری لی ہے۔ فوری طور پر راحت کے لئے متاثرہ عوام کو گرم کپڑے، بلانکٹس، واٹر پروف بیاگس، خواتین کے ملبوسات اور زندگی بچانے والی ادویات کی سخت ضرورت ہے۔ دوائیوں کی ایک فہرست کمیٹی کے ذمہ داروں کے پاس ہے۔ سیول لبرٹیز کمیٹی عوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ فوری طور پر مدد کے لئے آگے آئیں اور کمیٹی کے ذمہ دار جوکہ راحت کاری کے فرائض انجام دے رہے ہیں ان سے شخصی طور پر یا فون نمبر 9703373649 اور 8885193286 ، 9030870339 پر ربط قائم کرسکتے ہیں۔ امداد کی وصولی کے مراکز کے ذمہ دار جناب ضمیر احمد یونیورسٹی آف حیدرآباد روڈ نمبر 45 ، جناب مسروک احمد، مولانا آزاد یونیورسٹی روڈ نمبر 111 اور سیول لبرٹیز کمیٹی عنبرپیٹ حیدرآباد کے ذمہ دار محترمہ کنیز فاطمہ جن کا فون نمبر 9347853843 ہے رابطہ قائم کرتے ہوئے مزید معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔