سری نگر ، 4 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر کے مقامی میڈیا نے گرمائی دارالحکومت سری نگر سے شائع ہونے والے انگریزی روزنامہ ‘کشمیر ریڈر’ کی اشاعت پر پابندی لگانے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے ۔ سری نگر سے شائع ہونے والے قریب آدھا درجن انگریزی اور اردو روزناموں نے منگل کے روز اپنے اداریوں کے ذریعے حکومتی اقدام کی شدید مذمت کی۔ خیال رہے کہ جموں وکشمیر حکومت نے ‘کشمیر ریڈر’ کو ‘عوامی سکون’ کے لئے خطرہ قرار دیتے ہوئے اس کی اشاعت پر پابندی عائد کردی۔ ضلع مجسٹریٹ سری نگر فاروق احمد لون نے 30 ستمبر کو جاری کردہ اپنے حکم نامے (جو کشمیر ریڈر کے دفتر تک 2 اکتوبر کو پہنچایا گیا) میں کہا ‘میں ضلع مجسٹریٹ سری نگر روزنامہ کشمیر ریڈر کے پرنٹر ، پبلشر اور مالک کو ہدایت کرتا ہوں کہ وہ اگلے احکامات تک مذکورہ اخبار کی اشاعت سے پرہیز کرے تاکہ عوامی سکون کو خراب ہونے سے بچایا جاسکے ‘۔ ضلع مجسٹریٹ نے اپنے حکم نامے میں وادی کے چھاپہ خانوں کے مالکان سے بھی کہا ہے کہ وہ مذکورہ روزنامے کی طباعت کو روکیں۔