کشمیر کو صرف سکیوریٹی نقطہ نظر سے نہ دیکھا جائے

ریاست کے عوام کی تکالیف و درد محسوس کرنا ضروری : محبوبہ مفتی
سرینگر 3 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر جموںو کشمیر محبوبہ مفتی نے آج کہا کہ کشمیر کے مسئلہ کو صرف سکیوریٹی نقطہ نظر سے ہی نہیں دیکھا جانا چاہئے اور ملک کی سیاسی قیادت پر انہوں نے زور دیا کہ وہ ریاست میں امن کیلئے کوشش کریںاور ریات کے عوام کے درد اور ان کی مشکلات کو تسلیم کریں۔ گندربل ضلع کے پارٹی ورکرس سے خطاب کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کو یہ احساس نہیں دیا جانا چاہئے کہ ان کا احترام کم ہوگیا ہے ۔ کشمیر کا مسئلہ صرف سکیوریٹی نقطہ نظر سے دیکھنے کی ضرورت نہیںہے ۔ ملک کی سیاسی قیادت کو چاہئے کہ وہ جموں و کشمیر میں قیام امن کیلے جدوجہد کرے اور کشمیری عوام کی تکالیف اور ان کے درد کو قبول کیا جائے ۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ علاقہ میں امن و استحکام سے کشمیری عوام کا گہرا تعلق ہے انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی پی ڈی پی ریاست کو درپیش تمام مسائل کے پرامن حل کیلئے وسیع تر سیاسی اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوششیں جاری رکھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کو درپیش چیلنجس سے نمٹنے کے مسئلہ پر وسیع تر اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔