حیدرآباد 14 سپٹمبر (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے کشمیر کے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔ حکومت کی جانب سے چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے سیلاب کے متاثرین کی بازآبادکاری و راحت کاری کاموں کی انجام دہی کیلئے حکومت جموں و کشمیر کو 10 کروڑ روپئے کی امداد کا اعلان کیا تھا، آج چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے سیلاب متاثرین کے لئے صاف و شفاف پینے کے پانی کی سربراہی کو یقینی بنانے کے لئے 50 واٹر پیوریفائر روانہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے روانہ کی جانے والی امداد میں 2.5 کروڑ کی مالیت کے حامل 50 واٹر پیوریفائر بھی شامل ہیں جوکہ جموں و کشمیر روانہ کئے جائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر تلنگانہ نے کشمیر میں سیلاب کی صورتحال سے آگہی حاصل کرنے کے بعد عہدیداروں کو اِس بات کی ہدایت دی ہے کہ وہ فوری طور پر 50 واٹر پیوریفائر روانہ کریں چونکہ کشمیر میں سیلاب کے باعث صاف پینے کا پانی بھی دستیاب نہیں ہے جس کے سبب عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ حکومت تلنگانہ نے جموں و کشمیر کے متاثرین سے اظہار یگانگت کرتے ہوئے اُن کی مشکل گھڑی میں مدد کا تیقن دیا ہے اور اِس بات کا اعلان کیا ہے کہ جہاں تک ممکن ہوسکے ریاست تلنگانہ کی جانب سے جموں و کشمیر کے متاثرین تک امداد پہونچانے کے علاوہ راحت کاری کاموں میں معاونت کی جائے گی۔