سرینگر ۔ جموں شاہراہ پر برفباری اور بارش کی وجہ سے دوسرے دن بھی گاڑیوں کی آمد و رفت معطل
سری نگر، 4نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) برف باری اور بارش کے باعث وادی کشمیر کا بیرون دنیا سے زمینی رابطہ اتوار کو مسلسل دوسرے دن بھی منقطع رہا۔تین سو کلو میٹر طویل سری نگر جموں قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت دوسرے دن بھی معطل رہی۔ سری نگر لیہہ قومی شاہراہ اور مشہور مغل روڑ چوتھے دن بھی بند رہیں۔ دوسری جانب شمالی کشمیر کے درجنوں دوردراز علاقے 2 نومبر سے اپنے ضلعی اور تحصیل ہیڈکوارٹروں سے کٹے ہوئے ہیں۔بتادیں کہ وادی کے تمام میدانی علاقوں بشمول گرمائی دارالحکومت سری نگر میں ہفتہ کو رواں موسم کی پہلی بھاری برف باری ہوئی جس کے نتیجے میں زمینی و فضائی رابطوں کے ساتھ ساتھ وادی کے بیشتر حصوں میں بجلی کا نظام بری طرح سے متاثر ہوکر رہ گیا ہے ۔ برف باری کے باعث وادی کے بیشتر حصے ہفتہ کے دوپہر سے گھپ اندھیرے میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ریاست کے بیشتر بالائی حصوں بالخصوص مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ، پہلگام اور سونہ مرگ میں برف باری کا سلسلہ اگرچہ وقفہ وقفہ سے یکم نومبر سے جاری تھا، تاہم ہفتہ کو دوپہر کے وقت میدانی علاقوں میں بھی برف باری شروع ہوئی جو شام دیر گئے تک جاری رہی۔ برف باری سے قبل وادی کے میدانی علاقوں میں 2 اور 3 نومبر کو شدید بارشیں ہوئی تھیں۔ٹریفک پولیس کے ایک عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ سری نگر جموں قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بدستور معطل ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ شاہراہ کے مختلف مقامات بشمول جواہر ٹنل، قاضی گنڈ اور شیطان نالہ کے نذدیک برف باری ہوئی ہے جبکہ ضلع رام بن میں مختلف مقامات پر مٹی کے تودے گرآئے ہیں۔مذکورہ عہدیدار نے بتایا کہ شاہراہ کی دیکھ ریکھ کے لئے ذمہ دار بارڈر روڑس آرگنائزیشن (بی آر او) نے اسے آمدورفت کے قابل بنانے کے لئے اپنی مشینری اور افرادی قوت کو کام پر لگادیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ شاہراہ کے مختلف مقامات پر تعینات ٹریفک پولیس اہلکاروں کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد اس پر گاڑیوں کی آمدورفت بحال کردی جائے گی۔موصولہ اطلاعات کے مطابق شاہراہ کے دونوں اطراف سینکڑوں کی تعداد میں گاڑیاں درماندہ ہوکر رہ گئی ہیں جن میں زیادہ تعداد ٹرکوں کی ہے ۔ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان کو جموں خطہ کے راجوری اور پونچھ اضلاع سے جوڑنے والے تاریخی مغل کو بھی مسلسل چوتھے دن بھی گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بند رکھا گیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مغل روڑ اتوار کو مسلسل چوتھے دن بھی گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بند رکھا گیا۔ اسی طرح خطہ لداخ کو وادی کشمیر سے جوڑنے والی سری نگر لیہہ قومی شاہراہ یکم نومبر سے بند پڑی ہوئی ہے ۔شدید برف باری کے باعث شمالی کشمیر کے بیشتر بالائی علاقوں کا اپنے ضلعی اور تحصیل ہیدکوارٹروں سے رابطہ منقطع ہوکر رہ گیا ہے ۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سڑکوں کو کلیئر کرنے کا کام جاری ہے ۔