کشمیر پر ہندوستان کی پالیسی ، اسرائیل کیلئے نمونہ

سرینگر۔ 7 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل اور حماس تنازعہ کے دوران ایک کشمیری خاتون نے جس کی فلسطینی سے شادی ہوئی ہے، یہ تجویز پیش کی کہ غزہ کی حساس صورتحال سے نمٹنے کے معاملے میں اسرائیل کیلئے ہندوستان کی کشمیر پالیسی بہترین نمونہ ہے۔ لبنٰی نامی یہ خاتون بائیو کیمسٹ ہے اور وہ غزہ میں فلسطین نیشنل اتھاریٹی کیلئے کام کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے تعلق سے پہلے غیریقینی صورتحال تھی لیکن جب سے حکومت ہند نے تعلیم کے شعبہ میں سرمایہ کاری شروع کی ہے، یہاں مثبت تبدیلی آئی، کیونکہ نوجوانوں کو ریاست کے باہر مواقع دستیاب ہونے لگے۔ نوجوانوں کی توانائیاں تعمیری سرگرمیوں میں صرف ہونے لگیں۔ اس سے تشدد پر کنٹرول کرنے میں مدد ملی۔ لبنٰی نے کہا کہ جس طرح ہندوستان، کشمیر کی صورتحال سے نمٹ رہا ہے، یہی پالیسی اسرائیل غزہ میں اختیار کرسکتا ہے۔ غزہ کے نوجوانوں کیلئے کوئی مواقع دستیاب نہیں ، اگر ان کا رابطہ دنیا بھر سے ہوجائے تو پھر تبدیلی دیکھی جاسکتی ہے۔