اسلام آباد ۔ یکم اپریل۔(سیاست ڈاٹ کام) ایران نے آج کہا ہے کہ وہ پاکستان اور ہندوستان کی خواہش پر مسئلہ کشمیر پر ثالثی کیلئے تیار ہے، کیونکہ دونوں ممالک کے مابین لڑائی کے اس علاقہ میں واقع دیگر ممالک کی معیشت پر اثرات مرتب ہوں گے ۔ ایرانی سفیر متعینہ پاکستان مہدی ہنردوست نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین کسی طرح کی کشیدگی یا لڑائی کے نتیجہ میں نہ صرف یہ کہ دونوں ممالک بلکہ علاقہ کی معیشت پر اثر پڑے گا ۔ ترقی کی رفتار تھم جائے گی ۔ انھوں نے کہاکہ ایران مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور ہندوستان کے مابین ثالثی کیلئے تیار ہے بشرطیکہ ایسی خواہش کی جائے ۔ انھوں نے ایک انٹرویو میں کہاکہ علاقہ میں امن و ہم آہنگی کی برقرار یقینی بنانے کیلئے بھی ایران نے مدد کی پیشکش کی ہے ۔ پاکستان ۔ ایران تجارتی روابط پر تبصرہ کرتے ہوئے ہنردوست نے کہاکہ دونوں ممالک کے مابین آزادانہ تجارت معاہدہ کے مسودے پر دستخط کئے گئے ہیںاور بہت جلداسے منظوری مل جائے گی جس کے بعد باہمی تجارت کا ایک نیا باب شروع ہوگا ۔