زید رعدالحسین کی رپورٹ کا اقوام متحدہ سے کوئی سروکار نہیں: وی کے سنگھ
نئی دہلی۔13 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مملکتی وزیر خارجہ وی کے سنگھ نے کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں سے متعلق اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کی رپورٹ کو آج انفرادی رپورٹ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا اور کہا کہ اس کا عالمی ادارہ سے کوئی تعلق یا سروکار نہیں ہے۔ وی کے سنگھ نے نئی دہلی میں منعقدہ ایک تقریب کے موقع پر کہا کہ ’’اس رپورٹ کا اقوام متحدہ سے کچھ لینا دینا نہیں ہے۔ یہ محض ایک انفرادی رپورٹ ہے۔ اس کو ایسے ہی رہنے دیجئے۔‘‘ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے اس ہفتہ کے اوائل میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق زید رعدالحسین کی طرف سے 14 جون کو جاری کردہ کشمیر اور پاکستانی مقبوضہ کشمیر سے متعلق رپورٹ کا حوالہ دیا تھا جب سلامتی کونسل میں ملسح تصادم اور بچوں کے استعمال کے مسئلہ پر بحث کی جارہی تھی۔ الحسین نے اس رپورٹ میں کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کی آزادانہ بین الاقوامی تحقیقات کے لیے کمیشن کے قیام پر زور دیا ہے تاہم ہندوستانی نائب مستقل مندوب تن مایالال نے اس کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹ سے اس عہدیدار کی واضح جانبداری کا اظہار ہورا ہے جو کسی باضابطہ جواز و اختیار کے بغیر تحقیقات کررہا ہے اور صرف غیر مصدقہ ذرائع سے موصومہ اطلاعات و معلومات پر انحصار کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کنیڈا میں موجود ایک پاکستانی نژاد صحیفہ نگار ظفر بنگش نے دعوی کیا ہے کہ اس متنازعہ رپورٹ کی تیاری میں جس کو ہندوستان مسترد کردیا ہے، زید رعدالحسین ان سے ربط میں تھے۔ وی کے سنگھ نے نئی دہلی میں عالمی مذاکرات ’سلامتی سمٹ‘ میں ایک سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’تاریخی اعتبار سے ہندوستان ہمیشہ ہی ایک براعظمی تناظر کا حامل رہا ہے اور کبھی بھی عالمی تناظر کا حامل نہیں رہا۔