نئی دہلی ۔ /21 اگست (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج نوجوت سنگھ سدھو کے اپنے دورہ اسلام آباد کے دوران پاکستانی سربراہ فوج سے بغلگیر ہونے کو کوئی مسئلہ نہ ہونے کا ادعا کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی مسئلہ یہ ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہماری کوئی کشمیر پالیسی کا وجود نہیں ہے ۔ کانگریس نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ سدھو کا مسئلہ صرف اسی لئے اٹھارہی ہے کہ پاکستان کے بارے میں اس کی کوئی پالیسی موجود ہی نہیں ہے ۔ کانگریس کے ترجمان منیش تیواری نے وزیراعظم سے کہا کہ انہیں نئے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو اپنے تحریر کردہ مکتوب کا برسرعام انکشاف کریں اور وضاحت کریں کہ کیا وہ پاکستان کے ساتھ گزشتہ چار سال کے دوران جنگ بندی کی پاکستانی خلاف ورزیوں کے باوجود اس سے بات چیت کا احیاء کرنے تیار ہیں ۔ کرکٹ کھلاڑی سے سیاست داں بننے والے سدھو نے گزشتہ ہفتہ پاکستان کا دورہ کیا تھا ۔