سرینگر، 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وادئ کشمیر میں جنگجوؤں کانیا ویڈیو وائرل ہوگیا ہے جس میں فوجی وردیوں میں ملبوس قریب 30 جنگجوؤں کو مختلف نوعیت کی رائفلیں لہراتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ۔مذکورہ ویڈیو جس کی عکس بندی وادی میں ہوئی ہے ، کو گذشتہ دس دنوں سے مواصلاتی کمپنیوں کی تھری جی اور فور جی انٹرنیٹ خدمات معطل رہنے کے باوجود سماجی ویب سائٹس پر اپ لوڈ کیا گیا ہے ۔ڈیڑھ منٹ طویل اس ویڈیو میں مختلف نوعیت کی رائفلوں بالخصوص اے کے 47 سے لیس قریب 30 جنگجوؤں کو ایک ایک کرکے کیمرہ کے سامنے نمودار ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ۔فوجی وردیوں میں ملبوس ان جنگجوؤں کو پریڈ اور اپنے ہتھیاروں کو ہوا میں لہراتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے ۔ ایک پولیس عہدیدار نے بتایا ‘ہم نے ویڈیو کی صداقت جاننے کے لئے تحقیقات شروع کی ہے ۔ہم اُس علاقے کا پتہ بھی لگانے کی کوشش کررہے ہیں جہاں اس ویڈیو کی عکس بندی ہوئی ہے ۔ اگرچہ وادی میں جنگجوؤں کی ویڈیوز سماجی ویب سائٹس پر وائرل ہونا ایک معمول ہے ، تاہم یہ پہلی دفعہ ہے کہ جب انتی بڑی تعداد میں جنگجوؤں کو کسی ویڈیو میں دیکھا گیا۔اس ویڈیو سے قبل وائرل ہونے والے ویڈیوز میں جنگجوؤں کی تعداد پانچ سے دس ہوتی تھی۔