کشمیر میں 1,474 عمارتوں اور 56 بینکرس سے فوج کا تخلیہ

جموں ۔ 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) حکومت جموں و کشمیر نے آج کہا کہ وادی میں 179 اسکولوں اور 34 ہوٹلوں کے بشمول 1474 عمارتوں کے علاوہ 56 بنکرس سے فوج کا تخلیہ کرادیا گیا ہے۔ ریاست میں سیکوریٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے ریاست میں سیکوریٹی فورسس کی تعداد کو بہت کم کیا جارہا ہے۔ ریاست قانون ساز کونسل میں وقفہ سوالات کے دوران نیشنل کانفرنس رکن بشیراحمد ویری کے اٹھائے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر باغبانی عبدالرحمن دیری نے کہا کہ آج تک 1477 عمارتوں اور 56 بنکرس سے فوج کا تخلیہ کرادیا گیا ہے اور سیکوریٹی فورس کو بھی یہاں سے ہٹایا جارہا ہے تاکہ ریاست کی سیکوریٹی فضاء کو بہتر بنایا جائے۔ ان میں سے 179 اسکولوں 922 خانگی عمارتوں، 268 سرکاری عمارتوں، 37 دواخانوں، 34 ہاسٹلس، 31 صنعتی یونٹوں اور 3 سنیما ہالس کی سیکوریٹی فورس کے قیام کیلئے حاصل کیا گیا تھا۔ اب یہاں سے فوج اور سیکوریٹی فورس کا تخلیہ کرادیا گیا ہے۔