کشمیر میں ہڑتال‘ معمولات زندگی مفلوج

سرینگر ۔30اپریل ( سیاست ڈاٹ کام )وادی کشمیر میں آج علحدگی پسند گروپس کی لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر ہڑتال کی اپیل پر معمولات زندگی مفلوج ہوگئے ۔ سرینگر میں رائے دہی جاری ہے اور ہڑتال کا اثر تعطیل کی وجہ سے ظاہر نہیں ہوسکا ۔ الیکشن کمیشن نے آج رائے دہی کیلئے بااجرت تعطیل کا اعلان کیا ہے ۔ سرینگر میں دوکانیں ‘ دفاتر ‘ تجارتی ادارے اور پٹرول پمپس بند ہیں ۔ عوامی ٹرانسپورٹ سڑکوں پر نظر نہیں آرہی ہے ۔ اسی طرح کی اطلاعات وادی کشمیر کے دیگر اضلاع سے بھی وصول ہوئی ہیں ۔ تاہم خانگی کاریں ‘ ٹیکسیاں اور آٹو رکشہ چلتے ہوئے نظر آرہے ہیں ۔ حُریت کانفرنس کے دونوں گروپس نے آج عام ہڑتال کا اعلان کیا ہے ۔ علحدگی پسندوں کی قیادت پر حکومت کی کارروائی کی اور انتخابات سے پہلے نوجوانوں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے وادی کشمیر میں آج عام ہڑتال کا اعلان کیا گیا تھا ۔ تاہم رائے دہی کے بائیکاٹ کی عوام سے کوئی اپیل نہیں کی گئی۔