کشمیر میں ہلاکتوں میں اضافہ، مودی کی تشدد پر تشویش

نئی دہلی ۔12 ۔ (سیاست ڈاٹ کام )کشمیر میں کرفیو بدستور جاری ہے اور مزید تین لوگ زخموں کی تاب نہ لا کر ہلاک ہوگئے ہیں- کشمیر میں شروع ہونے والی احتجاجی لہر کے دوران ہلاک ہونے والوں کی تعداد 31 تک پہنچ گئی ہے جبکہ وزیراعظم نریندر مودی نے وادی میں پرتشدد واقعات پر تشویش ظاہر کی ہے۔ مزید تین زخمیوں کی ہلاکت کے بعد جمعے سے اب تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد 31 ہوگئی ہے جن میں سے ایک کے سوا تمام عام شہری ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی نے افریقی ممالک کے دورے سے واپسی پر منگل کو دارالحکومت دہلی میں کشمیر کی صورتحال پر ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کی ہے جس میں وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور وزیر خزانہ ارون جیٹلی سمیت متعدد وزرا اور اعلی اہلکار شامل ہوئے۔اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ریاستی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ وزیراعظم کشمیر کے حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور ریاست کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا، ’وزیر اعظم نے کشمیر کے حالات کا جائزہ لیا اور وہاں کی صورتحال پر تشویش ظاہر کی ہے۔‘