حملہ میں ملوث 12 افراد کی شناخت ۔ پانچ گرفتار۔ متعلقہ ایس پی کا تبادلہ ‘ کسی کو بخشا نہیں جائے گا ۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس کا بیان
سرینگر 24 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) جموں و کشمیر پولیس نے جامع مسجد سرینگر کے باہر ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس کو مار پیٹ کے ذریعہ ہلاک کردئے جانے کے واقعہ کی تحقیقات کیلئے ایک مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے اب تک اس کیس کے سلسلہ میں 12 افراد کی شناخت کی ہے جن میں پانچ کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ سپرنٹنڈنٹ پولیس رتبہ کے ایک عہدیدار کی قیادت میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گی ہے تاکہ ڈی ایس پی کو مار پیٹ کے واقعہ کی تیز رفتار تحقیقات کروائی جاسکیں۔ واضح رہے کہ کل رات ہجوم نے جامع مسجد سرینگر کے باہر ایک ڈی ایس پی محمد ایوب پنڈت کو مار پیٹ کرتے ہوئے ہلاک کردیا تھا ۔ عہدیدار نے کہا کہ اس واقعہ کی تحقیقات درست سمت میں چل رہی ہیں اور اس میں مزید گرفتاریاں بھی ہوسکتی ہیں۔ محمد ایوب پنڈت کو شب قدر کے موقع پر جامع مسجد سرینگر سے باہر نکلنے والے مصلیوں کی مبینہ فوٹو گرافی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہجوم نے حملہ کرکے ہلاک کردیا تھا ۔ انہیں پہلے برہنہ کرکے بعد میں مار پیٹ کی گئی تھی ۔ جموں و کشمیر میں ڈپی سپرنٹنڈنٹ پولیس محمد ایوب پنڈت کو پیٹ کر ہلاک کردینے کے واقعہ میں ملوث مزید تین افرادکو آج گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ ڈی جی پی ایس پی وید نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس کیس کے سلسلہ میں 12 افراد کی نشاندہی کی ہے اور اس سلسلہ میں پانچ کو اب تک گرفتار کیا گیا ہے ۔ ڈی جی پی نے کل ہی کہا تھا کہ اس کیس میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور مزید ایک کی شناخت کی جاچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے اس کارروائی کے ذمہ داروں کو نہ بخشنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس نے یہ فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ اس حرکت کے ذمہ داروں کو چھوڑے گی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کیس کی تحقیقات جاری ہیں اور جیسے ہی رپورٹ سامنے آئے گی تمام صورتحال واضح ہوجائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے تحقیقات مکمل ہوجانے کی ضرورت ہے اس کے بعد ہی یہ کہا جاسکتا ہے کہ ہوا کیا تھا ۔ اس سوال پر کہ آیا جس وقت یہ واقعہ پیش آیا اس وقت اعتدال پسند حریت کانفرنس لیڈر میر واعظ عمر فاروق مسجد میں موجود تھے انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ ابھی تحقیقات میں ہے ۔ اس دوران اس واقعہ کے پیش نظر ڈی جی پی نے علاقہ کے سپرنٹنڈنٹ پولیس کا تبادلہ کردیا ہے ۔ کل رات دیر گئے ایک حکمنامہ جاری کرتے ہوئے ایس پی وید نے سپرنٹنڈنٹ پولیس ( شمالی سرینگر ) سجاد خالق بھٹ کا تبادلہ کردیا ہے ۔ جس مقام پر ڈی ایس پی کی ہلاکت کا واقعہ پیش آیا وہ ایس پی نارتھ کے علاقہ ہی میں آتا ہے ۔ اڈیشنل ایس پی رینک کے عہدیدار خالق بھٹ کو ہیڈ کوارٹر رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ اڈیشنل ایس پی ( ٹریفک سٹی ) سرینگر سجاد احمد شاہ ایس پی نارتھ کی ذمہ داری سنبھالیں گے ۔ ڈی جی پی نے بتایا کہ دو افراد کو کل ہی گرفتار کرلیا گیا تھا جبکہ مزید تین کو اس کے بعد گرفتار کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار شدگان میں دو افراد وہ ہیں جو پولیس فائرنگ میں زخمی ہوئے تھے ۔ ایک اور اطلاع کے بموجب کہا گیا ہے کہ ڈی جی پی نے اس خیال کا بھی اظہار کیا کہ یہاں حریت کانفرنس قائدین کی سکیوریٹی کو برخواست کرنے کا وقت آگیا ہے ۔ یہ کہا جا رہا ہے کہ حریت کانفرنس قائدین نے ہی عوام کو ریاست میں اکساتے ہوئے ہڑتال وغیرہ کی ہے اور حالات کو کشیدہ بنانے میں حرکت کانفرنس اور اس کے قائدین کا رول نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔