کشمیر میں پاکستانی پرچم لہرانے کیخلاف احتجاج

جموں 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وشوا ہندو پریشد اور بجرنگ دل نے جنوبی کشمیر میں علیحدگی پسندوں کی ریالی میں پاکستانی پرچم لہرانے کے خلاف آج یہاں احتجاج کیا اور حریت لیڈر سید علی شاہ گیلانی کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ بجرنگ دل لیڈر راکیش کمار کی زیرقیادت تقریباً 200 کارکنوں نے پریس کلب کے روبرو گیلانی کے خلاف مظاہرہ کیا۔ حکومت اور گیلانی کے خلاف نعرے بلند کرتے ہوئے اُنھوں نے پتلے نذر آتش کئے اور ملک سے بغاوت کے الزام میں گیلانی اور دیگر کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ راکیش کمار نے کہاکہ جنوبی کشمیر کے علاقہ ترال میں کل منعقدہ جلسہ عام میں پاکستانی پرچم بھی لہرائے گئے۔ ریاستی حکومت کو چاہئے کہ ان کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ دریں اثناء مرکزی وزیر جتندر سنگھ نے آج شدت پسند حریت لیڈر سید علی شاہ گیلانی کی ریالی میں پاکستانی پرچم لہرانے کی مذمت کی ہے اور یہ اُمید ظاہر کی کہ مفتی محمد سعید مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات کرے گی۔ جتندر سنگھ ریاست کے 3 روزہ دورہ پر ہیں، کہا ہے کہ پاکستانی پرچم لہرانا قابل مذمت ہے اور ریاستی حکومت اس طرح کی صورتحال سے نمٹنے کی اہل ہے ۔