کشمیر میں پاکستانی پرچم لہرائے جانے کے واقعات قابل تشویش: عمر عبداللہ

نئی دہلی ۔ 25 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سابق چیف منسٹر جموں کشمیر عمر عبداللہ نے ریاست میں برسراقتدار پی ڈی پی ۔ بی جے پی اتحاد کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ریاست میں مسلسل پاکستانی پرچم لہرائے جانے کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ برسراقتدار اتحاد میں خود اختلافات ہیں جو اچھی بات نہیں ہے۔ انہوں نے دو ماہ پرانے اس اتحاد کو انتہائی بے چین قرار دیا اور کہا کہ پی ڈی پی اور بی جے پی کا جو سیاسی موقف ہے، اس میں دوریاں مزید بڑھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی صورتحال زیادہ ابتر نہیں ہے لیکن جو بات قابل تشویش ہے وہ یہ ہے کہ علحدگی پسندوں کی ریالیوں میں پاکستانی پرچم مسلسل لہرائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب کبھی ایسے واقعات پیش آتے ہیں حکومت بیان دیتی ہے۔ بی جے پی، پی ڈی پی کو نشانہ بناتی ہے۔ پھر چیف منسٹر ردعمل ظاہر کرتے ہیں اور یہ ردعمل مرکزی حکومت یا بی جے پی کی ایماء پر ہوتا ہے۔ ایسے حالات پی ڈی پی ۔ بی جے پی اتحاد کیلئے زندگی مشکل بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی یہ صورتحال اس لئے ہے کیونکہ مفتی سعید کی حکومت نے اپنی کمزوریاں ظاہر کردی ہیں۔ انہوں نے پی ڈی پی ۔ بی جے پی اتحاد کی حمایت میں وزیرفینانس ارون جیٹلی کے بیان سے بھی اتفاق نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں نوجوانوں کو عسکری گروپس میں شامل کرنے کے واقعات میں اضافہ کی بھی اطلاعات ہیں جو قابل تشویش ہیں۔