کشمیر میں نامعلوم بندوق برداروں کے حملے میں پولیس ملازم ہلاک

سرینگر ، 27 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں نامعلوم بندوق برداروں نے جموں وکشمیر پولیس کے ایک سلیکشن گریڈ کانسٹیبل کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ نامعلوم بندوق برداروں نے سلیکشن گریڈ کانسٹیبل خورشید احمد گنائی پر اُس وقت نزدیک سے گولیاں چلائیں جب وہ ضلع پلوامہ کے کوئل گاؤں میں اپنے گھر سے نکل کر اپنی ڈیوٹی پر جارہا تھا۔ اگرچہ خورشید کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا، تاہم وہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بندوق بردار حملہ انجام دینے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس کی اضافی نفری وہاں روانہ کردی گئی ہے جبکہ حملہ آوروں کو ڈھونڈ نکالنے کے لئے بڑے پیمانے تلاشی کاروائی شروع کردی گئی ہے ۔