کشمیر میں موسلادھار بارش سے نظام زندگی بری طرح متاثر

سرینگر ، 7 اگست (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر میں منگل کی صبح موسلادھار کے باعث نظام زندگی گھنٹوں تک مفلوج رہا۔ گرمائی دارالحکومت سری نگر میں بیشتر سڑکوں پر ایک سے تین فٹ تک بارش کا پانی کھڑا ہوگیا جس کے نتیجے میں ان پر گاڑیوں کی آمدورفت بری طرح متاثر رہی جبکہ راہگیروں کی آمد و رفت بھی مشکل ہوگئی۔تاہم سری نگر میونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی) کے اہلکاروں نے مختلف مقامات پر ڈی واٹرنگ پمپ نصب کرکے بارش کے پانی کی نکاسی کو یقینی بنانے میں بہت حد تک کامیابی پائی۔وادی کے بعض علاقوں سے طوفانی بارشوں کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں۔ ایسے علاقوں میں کھڑی فصلوں، میوہ باغات اور رہائشی مکانات کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق موسلادھار بارشوں کی وجہ سے وادی کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی سپلائی گھنٹوں تک منقطع رہی۔ تاہم موسلادھار بارش کے نتیجے میں گزشتہ قریب دو ہفتوں سے جاری شدید گرمی کی لہر کا زور ٹوٹ گیا ہے ۔