کشمیر میں مودی کی یوم اساتذہ تقریب کے مشاہدہ کی تیاری

جموں ۔2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مختلف اسکولس خاص طور پر ریاست جموں و کشمیر کے دور افتادہ اور دیہی علاقوں کے اسکولس میں یوم اساتذہ تقاریب سے پہلے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ وزیراعظم مودی ایک ہزار منتخب طلبہ سے مانک شا آڈیٹوریم میں بات چیت کریں گے۔ یہ تقریب 5 ستمبر کو مقرر ہے۔ اسے 18 لاکھ سرکاری اور خانگی اسکولس میں ملک گیر سطح پر دوردرشن اور تعلیمی ٹی وی چیانلس کے توسط سے راست دکھایا جائے گا۔ سیکریٹری محکمہ تعلیمات جموں و کشمیر نرمل شرما نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ہم نے تمام ضلع مجسٹریٹ اور ڈائریکٹرس کو ہدایت جاری کردی ہے کہ ریاست گیر سطح پر خاص طور پر دیہی اور دور افتادہ علاقوں میں اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ طلبہ کے ساتھ وزیراعظم کے پروگرامس کا راست نشریہ دکھایا جائے۔ یہ پروگرام 3 بجے دن تا 4:45 بجے دن یوم اساتذہ کے موقع پر مقرر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال یوم اساتذہ ایک نئے اور پُرتوانائی انداز میں منایا جائے گا۔اس دن وزیراعظم نریندر مودی طلبہ سے راست تبادلہ خیال کریں گے۔