کشمیر میں مزید بارش ، جہلم کی سطح آب میں کمی لیکن دوبارہ سیلاب کے اندیشے

سری نگر ۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) تازہ بارش سے وادیٔ کشمیر میں دوبارہ سیلاب کے اندیشے پیدا ہوگئے حالانکہ دریائے جہلم کی سطح آب میں مسلسل دوسرے دن بھی کمی ہوئی۔ بارش کا آغاز کل رات ہوا اور توقع ہے کہ اِس کا سلسلہ آئندہ دو دن جاری رہے گا۔ اِس سے دریائے جہلم اور اِس کی معاون ندیوں کی سطح آب میں دوبارہ اضافہ ہوسکتا ہے۔ سیلاب سے اب تک 17 اموات واقع ہوچکی ہیں۔ حالانکہ کل سے صورتحال میں بہتری کے آثار پیدا ہوئے تھے۔ دریائے جہلم کی سطح آب میں قابل لحاظ حد تک کمی آئی ہے۔ ہنگامی منصوبے تیار کرنے کے بعد عارضی پناہ گاہیں اُن افراد کے لئے قائم کی گئی ہیں جو سیلاب کے اعتبار سے مخدوش علاقوں میں مقیم ہیں۔ سرکاری عہدیدار کے بموجب این ڈی آر ایف اور ریاستی آفات سماوی ردعمل فورس کی ٹیمیں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رکھی گئی ہیں۔ فوج نے بھی وادی کے متاثرہ علاقوں میں صورتحال سے نمٹنے کے لئے عوام کی مدد کرنے کی تیاری کرلی ہے۔ 75 تا 100 فوجیوں پر مشتمل ایک کالم تیار رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا سامنا کرسکے۔ فوج کے ایک عہدیدار نے کہاکہ 3 جانیں بچاؤ گروپس جو انفنٹری، انجینئرس، ای ایم ای اور آرمی میڈیکل کور پر مشتمل ہیں، تشکیل دیئے گئے ہیں اور بادامی باغ کنٹنومنٹ، پرانے فوجی فضائی اڈے اور زینا کوٹ میں تیار رکھے گئے ہیں۔ تمام پانی خالی کرنے والے پمپ جو فوج کے قبضے میں ہیں نشیبی علاقوں میں لگادیئے گئے ہیں۔