سرینگر 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پولیس نے کہا ہے کہ لشکر طیبہ کا ایک عسکریت پسند آج فوت ہوگیا جو شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں گزشتہ روز سکیورٹی فورسیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلہ میں زخمی ہوگیا تھا۔ پولیس کے ایک ترجمان نے کہاکہ بانڈی پورہ کے موضع حجان کے بون محلہ میں گزشتہ روز سکیورٹی فورسیس کے ساتھ عسکریت پسندوں کی فائرنگ کا تبادلہ عمل میں آیا۔ فائرنگ کا سلسلہ ختم ہونے کے بعد سارے علاقہ کی تلاشی لی گئی تھی لیکن کوئی نعش دستیاب نہیں ہوئی تھی۔ بعدازاں پتہ چلا تھا کہ ایک عسکریت پسند زخمی ہوگیا ہے۔ باور کیا جاتا ہے کہ وہ پاکستانی ہے۔ پولیس کو آج صبح اس کی ہلاکت کی اطلاع موصول ہوئی۔ نعش چونکہ گاؤں میں تھی پولیس کو اس کی حوالگی کے لئے دیہاتیوں سے خواہش کی گئی تھی۔ بعدازاں بعض شرپسندوں کی قیادت میں جلوس کے درمیان قریبی علاقہ میں تدفین کی گئی۔ جموں سے موصولہ اطلاع کے بموجب جموں و کشمیر کے اضلاع پونچھ و راجوڑی میں لائن آف کنٹرول کے قریب پاکستانی فوج نے آج جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سرحدی چوکیوں اور شہری علاقوں پر فائرنگ اور شلباری کی۔ دفاع کے ایک ترجمان نے کہاکہ ’’پاکستانی فوج نے آج صبح 0850 بجے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال شلباری، چھوٹے اور خودکار اسلحہ سے فائرنگ کی‘‘۔ ہندوستانی فوج نے طاقتور اور مؤثر انداز میں جوابی کارروائی کی۔ ڈپٹی کمشنر راجوڑی اقبال چودھری نے کہاکہ پاکستانی فوج نے راجوڑی کے مختلف علاقوں تارکنڈی گلی، لمبی باڑی، کھوینار، دھاراند پنجگریاں اور دیگر علاقوں پر فائرنگ و شلباری کی۔ ضلع راجوڑی کے متاثرہ علاقوں میں احتیاطی تدابیر کے طور پر اسکول بند کردیئے گئے تھے۔