کشمیر میں فورسیس کیساتھ کالج اسٹوڈنٹس کی جھڑپ

سرینگر ۔ یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے پلوامہ میں آج سکیورٹی فورسیس اور اسٹوڈڈنٹس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جہاں طلبہ ایک کالج میں سکیوریٹی جوانوں کی طرف سے مبینہ ظلم و زیادتی کے خلاف احتجاجی جلوس نکال رہے ہیں۔ ایک پولیس عہدیدار نے کہاکہ بوائز ہائر سکینڈری اسکول اور پلوامہ ڈگری کالج کے متعدد طلباء نے 15 اپریل کو سکیوریٹی فورسیس کی کارروائی کے خلاف جوائنٹ مارچ نکالا۔ جب یہ جلوس پلوامہ پولیس اسٹیشن کے قریب پہونچا بعض طلبہ نے سکیورٹی والوں پر پتھراؤ کیا جنھوں نے جواب میں آنسو گیس کے شیل استعمال کئے۔ ان جھڑپوں میں کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ لیکن آخری خبریں موصول ہونے تک معاملہ پوری طرح تھما نہیں تھا۔ دریں اثناء جھڑپوں کے پیش نظر علاقہ میں دوکانات اور دیگر تجارتی ادارے بند رکھے گئے۔